ڈیانا کے مجسمے کی نقاب کشائی، پرنس ولیم اور ہیری نے اختلافات بھلا دیے
لندن میں اپنی والدہ آنجہانی شہزادی ڈیانا کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری نے اپنے اختلافات بھلا دیے اور ایک ساتھ نظر آئے۔
دونوں بھائیوں نے شہزادی ڈیانا کے مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔
آنجہانی شہزادی ڈیانا کی 60 سالگرہ کے موقع پر ان کے مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب لندن میں ان کے سابقہ گھر کنسنگٹن پیلس میں کی گئی۔
سنہ 2017 میں جب شہزادی ڈیانا کا مجسمہ بنانے کے کام کا آغاز ہوا تھا تو شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری نے کہا تھا کہ ان کو امید ہے یہ مجسمہ دیکھنے والوں کو ان کی والدہ کی زندگی اور ان کے ورثے کی یاد دلائے گا۔
شہزادی ڈیانا کا انتقال 36 برس کی عمر میں سنہ 1997 میں فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایک کار حادثے میں ہوا تھا۔
شہزادی ڈیانا کی سالگرہ کے موقع پر ان کے مداحوں کی ایک بڑی تعداد پھولوں کے گلدستے رکھنے کے لیے کنسنگٹن پیلس کے دروازے پر پہنچی۔