’زندگی میں نیا باب شروع کرنا چاہیں گے‘ عامر خان اور کرن راؤ میں علیحدگی
امر خان اور کرن راؤ کی سنہ 2005 میں شادی ہوئی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین فلم انڈسٹری بالی وڈ کے سپر سٹار عامر خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ 15 سال بعد اپنی بیوی فلم ساز کرن راؤ سے الگ ہو رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈین فلم انڈسٹری کے مشہور جوڑے نے سنیچر کو ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ان کا بریک اپ پر اتفاق ہو گیا ہوا ہے لیکن وہ اکٹھے ہی اپنے بیٹے کو پالیں گے اور اب بھی مشترکہ منصوبوں پر کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’زندگی کے ان خوبصورت 15 سالوں میں ہم نے زندگی بھر کے تجربات، خوشی اور قہقے بانٹے ہیں اور ہمارا رشتہ صرف اعتماد، احترام اور محبت میں پروان چڑھا ہے۔‘
’اب ہم اپنی زندگی میں ایک نیا باب شروع کرنا چاہیں گے، شوہر اور بیوی کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک دوسرے کے ساتھ والدین اور خاندان کی حیثیت سے۔‘
عامر خان اور کرن راؤ سنہ 2001 میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران ملے تھے جس کی کرن اسسٹنٹ ڈائریکٹر تھیں۔ سنہ 2005 میں دونوں نے شادی کر لی تھی۔
خیال رہے کہ 56 سالہ اداکار جن کی ریسلنگ پر بنی فلم ’دنگل‘ نے چین میں انہیں انڈیا کا ٹاپ سٹار بنا دیا، کی سنہ 2002 میں بھی اداکارہ رینا دتہ سے طلاق ہوئی تھی۔
علیحدگی کے حوالے سے عامر خان اور کرن راؤ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ’ہم نے کچھ عرصہ پہلے ہی ایک منصوبہ بندی کے تحت طلاق کا آغاز کیا تھا اور اب اس انتظام کو باضابطہ بنانے پر آرام دہ اور پرسکون محسوس کر رہے ہیں۔‘
عامر خان انسانی اور سیاسی مقاصد کے سرگرم رکن ہیں۔ انہوں نے سنہ 2015 میں مسلمانوں اور دانشوروں کے خلاف انڈیا میں بڑھتی ’عدم برداشت‘ کے حوالے سے کھل کر بات کی تھی۔
بالی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ اس وقت سنہ 1994 کی کامیاب ہالی وڈ فلم ’فارسٹ گمپ‘ کے ری میک پر کام کر رہے ہیں جس کا نام ’لال سنگھ چڈھا‘ ہے۔ یہ فلم رواں سال کے آخر میں ریلیز ہوگی۔