Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد اونٹ فیسٹول 8 اگست سے، 53 ملین ریال کی انعامی رقم

تیسرے ایڈیشن میں اونٹوں کی دوڑ کے 532 مقابلے ہوں گے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کا ولی عہد اونٹ فیسٹیول اتوار 8 اگست سے طائف اونٹ سکوائر میں شروع ہو رہا ہے۔
اس سال کے ایونٹ تیسرے ایڈیشن میں اونٹوں کی دوڑ کے 532 مقابلے ہوں گے جبکہ انعامی رقم 53 ملین ریال رکھی گئی ہے۔
سعودی عرب کی اولمپک کمیٹی کے نائب صدر اور سعودی اونٹ فیڈریشن کے صدر شہزادہ فہد بن جلاوی بن عبد العزیز نے کہا کہ بین الاقوامی اونٹ فیسٹیول کا مقصد اونٹ کی دوڑ کے ورثے کو منانا اور اسے سعودی،عرب اور اسلامی ثقافت کے حصے کے طور پر فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ سے مملکت میں سیاحت اور معیشت کی سپورٹ اور ترقی میں بھی مدد ملے گی جو کمیونٹی کی شمولیت کی حوصلہ افزائی، قومی ورثے کو تقویت اور ملکی ثقافت کی گہرائی کی عکاسی کرتی ہے۔
سعودی عرب کے وزیر برائے کھیل،سعودی عرب اولمپک کمیٹی کے صدر اور بین الاقوامی اونٹ فیڈریشن کے صدر شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا اونٹوں کی دوڑ میں دلچسپی لینے اوراس ایونٹ کو سپورٹ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
سعودی اونٹ فیڈریشن نے کہا کہ اس فیسٹیول میں اونٹوں کی دوڑ کے 320 مقابلوں میں تمام عمر کے گروپوں کے لیے ابتدائی مرحلہ شامل ہو گا، ایک میراتھن جس میں آٹھ دوڑیں شامل ہوں گی اور 204 حتمی دوڑوں کا اختتام ہو گا۔

آئندہ ہفتے مکمل پروگرام کا اعلان کر دیا جائے گا۔(فوٹو ٹوئٹر)

سعودی اونٹ فیڈریشن نے مزید کہا ہے کہ آئندہ ہفتے مکمل پروگرام کا اعلان کر دیا جائے گا۔
2019 میں منعقد ہونے والے اس فیسٹیول کے دوسرے ایڈیشن میں 13 ہزار سے زیادہ اونٹوں نے حصہ لیا تھا جس سے اس پروگرام کو گنیز ورلڈ ریکارڈ میں جگہ ملی تھی۔
اونٹ کی دوڑ قبل از اسلام کے دور سے جاری ہے اور اس کا مقصد مضبوط ، تیز ترین اور خوبصورت ترین اونٹ تیار کرنے کا رواج آج بھی جاری ہے۔
دوڑ میں حصہ لینے والے صحت مند اونٹ ایک گھنٹہ میں 40 کلومیٹر تک دوڑ سکتے ہیں اور انہیں صحرا میں بہت زیادہ پانی کی بھی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔

شیئر: