بارش کے باعث پودوں کی رونقیں دوبالا ہوتی ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کا عسیر ریجن اپنی خوبصورتی کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہاں پہاڑی پھولوں کی خوشبو اور رنگ برنگے مناظردیکھنے والوں کو سحر زدہ کردیتے ہیں۔
پہاڑی سلسلے میں گھرے ہوئے ہونے کی وجہ سے یہاں کی وادیاں ہمیشہ سرسبز رہتی ہیں جبکہ بارش کے باعث پودوں کی رونقیں دوبالا ہوتی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق موسم بہار میں عسیر کے پہاڑی سلسلے غیر معمولی حسن سے مالامال ہو جاتے ہیں جو مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے قدرتی کشش کا باعث ہوتے ہیں۔
یہاں کا خصوصی پھول جسے ’الخزامی ‘ کہا جاتا ہے اپنے خوبصورت بنفسجی رنگ کی وجہ سے مقبول ہے جبکہ ’شوک الجمل‘ نامی پودا چٹانی علاقے کا مخصوص پودا ہے۔
پہاڑی علاقے میں قدرتی نباتات جو یہاں سال بھرکھلے رہتے ہیں شہد کی تیاری کا اہم ذریعہ ہیں۔ ان پودوں پرکھلنے والے پھولوں سے شہد کی مکھیاں رس کشید کرکے رب تعالی کے حکم سے انہیں شہد میں تبدیل کرتی ہیں۔
شہد کے لیے مختلف پودے مشہور ہیں جن میں ’المجری‘ پھول یہ پودا پہاڑ کی سب سے بلند چوٹی پرہوتا ہے جو شہد کی مکھیوں کے لیے خصوصی غذا کا اہم ذریعے ہے۔