بلوچستان میں امن پاکستان کی ترقی کے لیے اہم: آرمی چیف
آرمی چیف بلوچستان سے متعلق ورک شاپ کے شرکا سے بات کر رہے تھے۔ فوٹو: سکرین گریب (آئی ایس پی آر)
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان سے متعلق ورک شاپ کے شرکا سے جنرل ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز سے منگل کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس موقع پر بات کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن اور خوشحالی پاکستان کی ترقی کے لیے اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ محنت سے حاصل کیے گئے امن کے فوائد سے لطف اندوز ہوا جائے اور پائیدار استحکام کے حصول کے لیے معاشی اور معاشرتی ترقی کو تیز کیا جائے۔
اندرون اور بیرون ملک چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ 'دھمکیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے جامع قومی جواب کی ضرورت ہوتی ہے۔'
بلوچستان سے متعلق ہونے والی ورک شاپ کا مقصد تھا کہ بلوچستان کی مستقبل کی لیڈرشپ کو اہم قومی اور صوبائی امور سمجھنے اور مستحکم رد عمل کو بڑھانے کے لیے بااختیار بنایا جا سکے۔
اس ورک شاپ میں پارلیمانی ارکان، بیوروکریٹس، نوجوان افراد، میڈیا اور شعبہ تعلیم سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔