Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کے ریلوے نظام پر سائبر حملے سے ’افراتفری‘

ہیکرز نے پورے ملک کے ریلوے سٹیشنز کے ڈسپلے بورڈز پر ٹرینوں کی آمد میں مبینہ تاخیر اور منسوخی کے حوالے سے جعلی پیغامات پوسٹ کیے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ایران کے ریلوے نظام پر جمعے کو سائبر حملے کیے گئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے ایران کی نیم سرکاری خبر ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہیکرز نے پورے ملک کے ریلوے سٹیشنز کے ڈسپلے بورڈز پر ٹرینوں کی آمد میں مبینہ تاخیر اور منسوخی کے حوالے سے جعلی پیغامات پوسٹ کیے۔
حملہ کرنے والے ہیکرز بظاہر مضحکہ خیز نظر آنے کی کوشش کر رہے تھےاور’سائبر حملوں کی وجہ سے بہت زیادہ تاخیر‘ یا ’منسوخ‘ کے پیغامات کے ساتھ انہوں نے مسافروں سے ملک کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے دفتر کا فون نمبر درج کرتے ہوئے معلومات طلب کرنے کہا۔
نیم سرکاری نیوز ایجنسی فارس کے مطابق اس ہیک سے ریلوے سٹیشنز پر ’ناقابل یقین انتشار‘ پیدا ہو گیا۔
ابھی تک کسی گروپ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
قبل ازیں فارس نے کہا تھا کہ ایران بھر میں ٹرینوں کا الیکٹرانک ٹریکنگ سسٹم ختم ہو گیا ہے۔ یہ فوری طور پر واضح نہیں ہوسکا تھا کہ کیا یہ بھی سائبر حملے کا حصہ ہے۔
بعد میں فارس نے اپنی رپورٹ ہٹا دی اور اس کی بجائے سرکاری ریلوے کمپنی کے ترجمان صادق سكری کے حوالے سے کہا کہ ’خلل‘ ٹرین سروس کے لیے کسی قسم کی پریشانی کا باعث نہیں ہے۔
خیال رہے کہ سنہ 2019 میں بھی ریلوے کمپنی کے کمپیوٹر سرورز میں خرابی کے سبب ٹرین سروسز میں تاخیر کے متعدد واقعات سامنے آئے تھے۔
اُسی سال دسمبر میں ایران کی وزارت مواصلات نے کہا تھا کہ ملک نے غیر متعین ’الیکٹرانک انفراسٹرکچر‘ پر ایک بڑے پیمانے پر سائبر حملے کو ناکام بنا دیا ہے لیکن انہوں نے اس حملے کے بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی تھی۔
یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اطلاع دیئے گئے حملے کے نتیجے میں ایران کے کمپیوٹر اور انٹرنیٹ سسٹم میں کوئی خرابی یا خلل پڑا ہے، یا یہ امریکہ اور ایران کے ایک دوسرے کو نشانہ بنانے کے سائبر آپریشنز کا تازہ ترین باب ہے۔
سٹکس نیٹ کمپیوٹر وائرس، جسے امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ تخلیق سمجھا جاتا ہے، کے سنہ 2000 کی دہائی کے آخر میں ملک کے جوہری مقامات پر ہزاروں ایرانی سنٹری فیوجز میں خلل ڈالنے کے بعد ایران نے اپنا بیشتر انفراسٹرکچر منقطع کردیا تھا۔

شیئر: