پاکستان میں ذی الحجہ کا چاند نظر نہیں آیا، عید الاضحی 21 جولائی کو ہوگی
ہفتہ 10 جولائی 2021 18:45
عیدالاضحی بدھ 21 جولائی 2021 کو ہو گی (فوٹو: سبق)
پاکستان میں ذی الحجہ کا چاند نظر نہیں آیا، اب یکم ذوالحج پیر 12 جولائی کو جب کہ عیدالاضحی بدھ 21 جولائی 2021 کو ہو گی۔
سنیچر کو ذی الحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں منعقد کیا گیا تھا۔
رویت ہلال کے لیے منعقدہ اجلاس کمیٹی کے صدر مولانا عبدالخبیر آزاد کی صدارت میں منعقد کیا گیا جسے موسم اور ٹیکنالوجی سے متعلق ماہرین کی خدمات بھی میسر تھیں۔
اجلاس کے بعد چاند کی رویت سے متعلق اعلان کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ملک بھر میں کسی بھی مقام پر چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی ہے۔
زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے مقررہ مقامات پر منعقد کیے گئے۔
گزشتہ روز سعودی عرب میں بھی ذی الحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے رویت کا اہتمام کیا گیا تھا، جس کے بعد چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
سعودی سپریم کورٹ نے اپنے اعلان میں کہا تھا کہ’ اتوار 11 جولائی کو یکم ذی الحجہ ہوگی- وقوف عرفہ 9 ذی الحجہ مطابق پیر 19 جولائی اور عید الاضحی منگل 20 جولائی کو منائی جائے گی۔‘