’روحانی سفر‘: نوجوان مصورہ کی حرمین الشریفین کے مناظر پر مبنی پینٹنگز کی نمائش
’روحانی سفر‘: نوجوان مصورہ کی حرمین الشریفین کے مناظر پر مبنی پینٹنگز کی نمائش
12 جولائی ، 2021
بشیر چوہدری -اردو نیوز، اسلام آباد
عرب نیوز پاکستان کے تعاون سے نوجوان مصورہ رابعہ ذاکر کی حرمین الشریفین کے مناظر پر مبنی پینٹنگز کی نمائش اسلام آباد کے سینٹورس مال میں شروع ہوگئی ہے۔
حج کی مناسبت سے یکم ذی الحجہ کو شروع کی جانے والی نمائش کو 'روحانی سفر' کا نام دیا گیا ہے۔
نمائش کا افتتاح وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ حافظ طاہر اشرفی نے کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ’کورونا کے باوجود گذشتہ ایک سال میں ایک کروڑ افراد نے بیت اللہ میں حج عمرہ طواف اور نماز کی سعادت حاصل کی۔ اس وقت بھی سعودی عرب نے وبا کے باعث بیرون ملک سے حجاج کو اجازت نہیں دی تو ایک دوست ملک اور بھائی ہونے کے ناطے ہم اس فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔‘
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے برس وبا کا خاتمہ ممکن ہوگا اور حج عمرہ کے معمولات بحال ہو جائیں گے۔
طاہر اشرفی نے رابعہ ذاکر کو حج کی مناسبت سے فن پاروں کی نمائش پر سراہا اور کہا کہ لوگوں کی دلچسپی سے صاف نظر آ رہا ہے کہ پاکستانی عوام حرمین الشریفین سے کس قدر دلی لگاؤ رکھتے ہیں۔
سابق ایئر وائس مارشل نے نمائش دیکھی اور کہا کہ اس نمائش نے حجاز مقدس کی سفر کی یادیں تازہ اور حرمین سے دلی لگاؤ کے اظہار کو زبان دی ہے۔
یوں تو حجاز مقدس کے سفر کی خواہش اور تڑپ امت مسلمہ کے ایمان کا حصہ ہے اور سبھی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ بیت اللہ اور مسجد نبوی پر حاضری پر حاضری دیں۔ لیکن کورونا کی وجہ سے سفری پابندیوں کے باعث جب جانا ممکن نہیں ہے اس تڑپ میں اضافہ اور بے قراری بڑھ جاتی ہے۔
ایسی تڑپ کے مناظر رابعہ ذاکر کی پینٹنگز کی نمائش میں خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے مناظر دیکھ کر کئی شہریوں کے چہروں پر دیکھنے کو ملے۔
70 برس کی عائشہ صدیقہ نے مقامات مقدسہ کی نمائش دیکھی تو وہ اپنے آپ کو روک نہ سکیں اور نمائش میں لگی ایک ایک تصویر کو بغور دیکھتے گئیں اور اور ہر گزرتے لمحے کے ساتھ ان کی آنکھوں کی نمی میں اضافہ ہوتا گیا۔
اردو نیوز کے ساتھ گفتگو میں انھوں نے کہا کہ 'میں یہ مناظر اپنی آنکھوں سے کئی برس پہلے دیکھ چکی ہوں۔ یہ تصاویر دیکھ کر یادیں تازہ ہوگئی ہیں۔ یہ دکھ اندر سے محسوس ہوتا ہے کہ سفری پابندیاں ہیں تو لوگ حج پر نہیں جا سکتے۔'
مصورہ رابعہ ذاکر نے اردو نیوز کو بتایا کہ 'اس نمائش کا بنیادی مقصد ہی حج کا سفر نہ کر سکنے والے پاکستانیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے۔ ہم اگر اس بار سفر نہیں کر سکے تو کم از کم اپنی یاداشتوں اور بصارتوں میں ان مقامات کو لاکر یہ دعا تو کر سکتے ہیں کہ اس وبا سے نجات ملے اور حجاز مقدس کے مبارک سفر کا موقع ملے۔'
انھوں نے عرب نیوز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'ذی الحج کے مہینے میں نمائش کے اہتمام میں معاونت کرکے میرے ایک خواب کو تعبیر ملی ہے۔ مجھے امید ہے کہ لوگ اس روحانی سفر کو ضرور پسند کریں گے۔'
رابعہ ذاکر کے والد چوہدری ذاکر حسین نے کہا کہ 'میں نے اپنی بیٹی کے ساتھ حج کی سعادت حاصل کی ہے۔ اب میرا دل مدینہ کے سفر کو مچل رہا ہے۔ کئی بار سونے سے پہلے آنکھیں بند کرتے ہوئے دعا مانگتا ہوں کہ آنکھ مدینے میں کھلے۔ رابعہ کی پینٹنگز سے میرے جیسے بہت سے لوگوں کی آنکھوں کو ٹھنڈک نصیب ہوگی۔'