سعودی عرب سے بیرون ملک سفر کرنے والے غیر ملکیوں کے لیے شرائط
محکمہ پاسپورٹ نے سفر کےلیے چار شرائط جاری کی ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں محکمہ پاسپورٹ نے سعودی عرب سے باہر جانے کے خواہش مند مقیم غیرملکیوں کے لیے سفر کی چار شرائط جاری کی ہیں۔
عکاظ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے’ ایئرلائن سے ریزرویشن، موثر ویزا، موثر پاسپورٹ اور جہاں سفر کرنا ہے اس ملک کی شرائط کی پابندی ضروری ہے‘۔
محکمہ پاسپورٹ نے بیان میں کہا کہ’ ایسے ممالک جہاں سے آمد پر پابندی نہیں ہے وہاں سے سعودی عرب پہنچنے والے تمام افراد کو ہوٹل قرنطینہ کی پابندی کرنا ہوگی‘۔
اس سے وہ زمرے مستثنی ہوں گے جن کے بارے میں پہلے ہی اعلان کیا جاچکا ہے البتہ ان پر وزارت صحت کی مقرر کردہ ایس او پیز لاگو ہوں گی۔
مستثنی زمروں میں سعودی شہری، سعودی کی غیرملکی بیوی، سعودی خاتون کا غیرملکی شوہرِ اور ان زمروں میں سے کسی ایک کے ہمراہ سفر کرنے والا گھریلو عملہ شامل ہے۔
یاد رہے کہ وزارت داخلہ نے نئے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر 2 فروری 2021 کو پاکستان سمیت 20 ممالک سےآنے والے غیرملکیوں پرپابندی عائد کی تھی جن میں سے گیارہ ممالک کے مسافروں کی آمد پر پابندی اتوار 30 مئی سے اٹھائی گئی ہے۔
اب صرف 9 ممالک سے مسافروں کے سعودی عرب آنے پر پابندی برقرار ہے۔ ان میں پاکستان اور انڈیا شامل ہیں تاہم سعودی عرب کے باہر سفر پر پابندی نہیں ہے۔