مقامی شہری اور غیر ملکی ’النماص‘ کا رخ کیوں کر رہے ہیں؟
مقامی شہری اور غیر ملکی ’النماص‘ کا رخ کیوں کر رہے ہیں؟
منگل 13 جولائی 2021 5:35
یہاں 300 برس پرانا مشرفہ محل ہے- (فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں ماہرین سیاحت کا کہنا ہے کہ اگر آپ معتدل آب و ہوا اور سبزہ زاروں سے لطف اٹھانا چاہتے ہوں۔ اپنے دوستوں اور اہل خانہ کے ہمراہ کسی پرفضا مقام کی سیر میں دلچسپی رکھتے ہوں تو سب سے خوبصورت اور پسندیدہ ترین مقام النماص ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق النماص کمشنری کو خوابوں اور بادلوں کا شہر کہا جاتا ہے۔ تاریخی مقامات دریافت کرنے کے خواہشمند افراد ان دنوں النماص کا رخ کررہے ہیں۔ حجاز اور تہامہ کے درمیان واقع عقبہ قریے کی سیر کا لطف کبھی بھلایا نہیں جاسکتا۔ یہ بستی قدیم عرب طرز تعمیر کا خوبصورت نمونہ ہے۔ یہاں گھروں کی چھتیں زیتون کی شاخوں اور پتھروں سے تیار کی جاتی ہیں۔ عسیر کے پہاڑوں سے 20 لاکھ سے زیادہ پتھر کاٹ کر قریہ تعمیر کیا گیا ہے-
النماص قدیم تاریخی مقامات سے مالا مال ہے۔ یہاں 7 گنبدوں والا تاریخی محل ہے۔ جہاں تمام براعظموں کو مجسم شکل میں دکھایا گیا ہے۔ مشرفہ محل ہے۔ یہ اب سے 300 برس قبل تعمیر کیا گیا تھا- یہاں عجائب گھروں کی ایک دنیا ہے۔
النماص کا عجائب گھر سعودی عرب کے بڑے عجائب گھروں میں شمار ہوتا ہے۔ یہاں 1500 سے دو ہزار کے لگ بھگ ایسے تاریخی نوادر سجے ہوئے ہیں جنہیں دیکھ کر النماص میں بنی نوع انساں کے ارتقا کی کہانی نگاہ میں دوڑنے لگتی ہے۔ یہ چار منزلہ ہے اور اسے متعدد ہالوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اس میں خواتین کے زیورات، ملبوسات، مردانہ ملبوسات، اسلحہ اور بندوقیں بھی رکھی گئی ہیں۔ یہاں بعض چٹانوں کا تعلق تیسری صدی ہجری سے ہے۔
النماص میں ’مریر‘ تفریح گاہ اور پہاڑ کے سحر آفریں مناظر کبھی بھلائے نہیں جاسکتے۔ یہاں وادی زیت اور شعف آل ولید تفریح گاہ بھی دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔
سعودی وزارت سیاحت نے اس سال موسم گرما کی سیر و سیاحت کے لیے جن گیارہ نمایاں سیاحتی مقامات کا انتخاب کیا ہے النماص ان میں سے ایک ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں