Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب کے سرکاری سکولوں میں ہزاروں اساتذہ کی تعلیم میٹرک بھی نہیں

پنجاب کی 12 کروڑ آبادی کے لیے تین لاکھ 60 ہزار اساتذہ ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں محکمہ تعلیم نے ہزاروں ایسے اساتذہ بھرتی کر رکھے ہیں جن کی تعلیم میٹرک بھی نہیں ہے۔
اردو نیوز کو موصول محکمہ سکول ایجوکیشن کی سروس انفارمیشن سسٹم کی دستاویزات کے مطابق ’صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع میں 19،943 ایسے اساتذہ بھرتی ہیں جن کی تعلیم میٹرک سے کم ہے۔ اور یہ تعداد کل اساتذہ کی تعداد کا تقریباً پانچ فیصد ہے۔‘ 
خیال رہے کہ پنجاب پاکستان کا آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے اور اس کی آبادی تقریبا 12 کروڑ ہے۔ صوبے میں کل 48 ہزار کے قریب سرکاری سکول اور تین لاکھ 60 ہزار اساتذہ ہیں۔
انڈر میٹرک اساتذہ کی اتنی بڑی تعداد کی بھرتی سے متعلق پنجاب کے وزیرتعلیم مراد راس کے دفتر نے اردو نیوز کو تحریری طور پر اس سوال کا جواب کچھ یوں دیا ہے کہ ’یہ بات درست ہے کہ پنجاب کے سکولوں میں انڈر میٹرک اساتذہ بھرتی ہیں۔ لیکن یہ بھرتیاں 80 اور 90 کی دہائی میں کی گئی تھیں۔
وزارت تعلیم کے دفتر کے مطابق ’زیادہ تر اساتذہ جو انڈر میٹرک ہیں ان کو گریڈ سات میں بھرتی کیا گیا تھا اور اس وقت ان میں اکثریت ڈرائنگ ٹیچرز اور بینڈ ماسٹرر کی تھی۔ لیکن یہ استاد بچوں کو پڑھانے کا کام نہیں کرتے ہیں۔‘ 
ماہر تعلیم میاں رضا الرحمان سمجھتے ہیں کہ ’سرکاری نظام تعلیم میں یہ کوئی اچنبے کی بات نہیں رہی ماضی میں ایسے طریقوں سے بھرتیاں ہوتی رہی ہیں کہ حیرانی ہوتی ہے۔ لیکن اب صورت حال کافی بہترہے۔ ظاہر ہے جو لوگ مستقل سرکار کے ملازم بھرتی ہوئے تھے تو جب تک ان کی سروس پوری نہیں ہوگی وہ تو سسٹم کا حصہ رہیں گے۔‘ 

پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس کے مطابق انڈر میٹرک اساتذہ کی بھرتیاں 80 اور 90 کی دہائی میں کی گئی تھیں۔ (فوٹو: مراد راس ٹوئٹر)

پنجاب کے ضلع حافظ آباد کے ایک استاد محمد حیات جو ہیڈ ماسٹر بننے کے بعد ریٹائرڈ ہوئے ان کے دور میں ایسی بھرتیاں معمول تھیں۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا ’مجھے یاد ہے یہ 90 کی دہائی تھی اور سکولوں میں اساتذہ کی بھرتیاں سیاسی طور پر بھی ہوتی تھیں۔ ایم پی ایز اور ایم این ایز کا کوٹہ ہوتا تھا۔ ہمارے سکول میں ایک شخص کو بھرتی کیا گیا جو بلکل ان پڑھ تھا۔ لیکن اس کو بینڈ ماسٹر یا پی ٹی ماسٹر کی سیٹ پر بھرتی کیا گیا اور وہ اپنی سروس پوری کر کے 16 گریڈ میں ریٹائرڈ ہوا۔ اب بھی سکولوں میں ایسے اساتذہ موجود ہیں جن کی اپنی کوئی تعلیمی قابلیت نہیں بس وہ سفارش پر بھرتی ہو گئے اور تنخواہیں لے رہے ہیں۔‘

وزارت تعلیم کے مطابق پہلے سے بھرتی شدہ انڈر میٹرک اساتذہ 2030 تک ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔ (فوٹو: پکسا بے)

انہوں نے بتایا کہ ’سال 2000 کے بعد صورت حال میں تیزی سے بہتری آئی اور پھر تعلیمی قابلیت پر بھی بھرتیاں شروع ہوئیں اس کی ایک وجہ تو یہ ہوئی کہ بڑی تعداد میں نوجوان ڈگریاں لے کر آگئے تو ایسی مصنوعی بھرتیوں کی گنجائش ختم ہو گئی۔ اب ایک پی ٹی ماسٹر کی بھرتی کے لیے کم سے کم قابلیت سپورٹس سائنس میں ماسٹرز ڈگری ہے۔ تو اب حالات بدل چکے ہیں۔‘ 
وزارت تعلیم کے مطابق پہلے سے بھرتی شدہ انڈر میٹرک اساتذہ 2030 تک ریٹائرڈ ہو جائیں گے اور اس کے بعد پنجاب کے کسی سکول میں انڈر میٹرک یا بغیر تعلیم کے استاد نہیں ہوگا۔ 

شیئر: