سعودی ہلال احمر کا مکہ ریجن میں سینٹرل حج آپریشن روم
منگل 13 جولائی 2021 21:29
زمینی ٹیمیں اور فضائی ایمبولینسیں روانہ کی جاتی ہیں(فوٹو العربیہ)
سعودی ہلال احمر نے مکہ مکرمہ ریجن میں سینٹرل حج آپریشن روم قائم کیا ہے یہاں سے زائرین کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے لیے زمینی ٹیمیں اور فضائی ایمبولینسیں روانہ کی جاتی ہیں۔
ہلال احمر طبی امداد کے لیے ڈاکٹروں، نرسوں، امداد کی درخواستیں وصول کرنے والوں کی پوری ٹیم مختص کیے ہوئے ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن میں ہلال احمر آپریشن روم کے ڈائریکٹر عبدالعزیز المروان نے کہا کہ ہلال احمر، شہری دفاع، امن عامہ، مشترکہ یونٹ 911 جیسے اداروں کے ساتھ تعاون کے لیے گیارہ رابطہ کار تعینات کیے ہوئے ہے۔
اس کا مقصد زخمیوں تک ریکارڈ وقت میں رسائی، وقت اور محنت بچا کر زخمیوں کو قریب ترین ہسپتال پہنچانے کو یقینی بنانا ہے۔
انہو ں نے کہا کہ ہلال احمر نے آپریشن روم میں ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھا دیا ہے۔ ٹیمیں تین شفٹوں میں چوبیس گھنٹے کام کررہی ہیں۔
ہلال احمر آپریشن روم کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ رپورٹنگ کا نظام سادہ، موثر اور مربوط ہے۔ رابطہ کرنے والے سے متعلق معلومات کے حصول، جائے وقوعہ کی دقیق ترین شکل میں نشاندہی، صورتحال کی نزاکت وغیرہ دریافت کرنے اور ان سب سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا واضح پروگرام موجود ہے۔
انہو ں نے بتایا کہ سینٹرل حج آپریشن روم اور فضائی ایمبولینس آپریشن روم ایک مشترکہ آپریشنل سیٹ اپ قائم کیے ہوئے ہیں تاکہ زخمیوں کو پہلی فرصت میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے ریکارڈ وقت میں میڈیکل سینٹر پہنچایا جاسکے۔