Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عوام کو حد درجہ ریلیف‘ پیٹرول پانچ روپے 40 پیسے مہنگا

شہباز گل کے مطابق ’اوگرا کی سفارشات کے برعکس وزیراعظم نے عوام کو حد درجہ ریلیف دینے کا فیصلہ کیا (فوٹو: پی آئی ڈی)
وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں پانچ روپے 40 پیسے اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت بڑھ کر 118 روپے نو پیسے ہو گئی ہے۔
جمعرات کو وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’وزیراعظم عمران خان نے اوگرا کی سفارشات کے برعکس عوام کو حد درجہ ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا ’عالمی منڈی میں کئی ماہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر اوگرا نے پیٹرول کی فی لیٹر میں 11 روپے 40 پیسے اضافے کی تجویز دی تھی۔‘
شہباز گل کے مطابق ’وزیراعظم نے اوگرا کی سفارشات کے برعکس عوامی مفاد میں پیٹرول کی قیمت میں محض پانچ روپے 40 پیسے اضافے کی منظوری دی ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈیزل کی قیمت میں دو اعشاریہ 54 پیسے فی لیٹر، مٹی کا تیل ایک روپے 39 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 27 پیسے فی لیٹر اضافے کی اجازت دی گئی ہے۔‘
نئے اضافے کے بعد ڈیزل کی قیمت 116 روپے 53 پیسے، مٹی کے تیل کی 87 روپے 14 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 84 روپے 67 پیسے ہو گئی ہے۔

شہباز گل نے ٹویٹ بیان میں مزید کہا کہ اوگرا کی تجویز کے مطابق قیمتیں نہ بڑھانے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی غرض سے کیے جانے اس فیصلے کے نتیجے میں پڑنے والا بوجھ حکومت خود برداشت کرے گی۔

’گھبرانا نہیں، 92 ورلڈ کپ کی جھلکیاں دیکھیں‘

لالیگا نامی صارف نے عمران خان کی ایک پرانی ٹویٹ کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا
’عمران خان نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔‘

عمران خان کی پرانی ٹویٹ ان الفاظ پر مشمتل تھی ’پی ٹی آئی حالیہ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے، ہم ملک گیر اور اسمبلیوں میں احتجاج کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔‘

اِفی ویوز نے طنز کرتے ہوئے ایک ایسے آفس کی تصویر کی جس میں لوگ ہنستے ہوئے ایک دوسرے سے گلے مل رہے ہیں اور ساتھ لکھا
’اوگرا قیمت میں پانچ روپے 40 پیسے کا اضافہ ہی چاہتی تھی مگر اس نے مںصوبہ بندی سے 11 روپے 40 پیسے کی سمری بھیجی اور پانچ روپے 40 پیسے منظور کروا لیے۔‘

مستفیذ حیدر شاہ نے طنز کا تیر ایک اترے ہوئے چہرے کے ایموجی کے ساتھ چلایا اور فقط لکھا ’صرف پانچ روپے 40 پیسے‘
ارباب کاشو نے تو پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو عید کا تحقہ قرار دے دیا اور لکھا ’ حکومت کی جانب سے ایڈوانس عید مبارک۔ پٹرول صرف 5 روپے 40 پیسے مہنگا، گھبرانا نہیں، اگر پھر بھی کوئی مسلہ ہو تو 92 ورلڈ کپ کی جھلکیاں اور نیازی کا سٹائل ملاحظہ فرمائیے۔‘

شیئر: