Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینیا: رگوں سے خون چوس کر 10 بچوں کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار

پولیس کے مطابق اس شخص نے پانچ سے 13 برس کے بچوں کو اپنا شکار بنایا (فوٹو ڈیلی مانیٹر)
کینیا میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جسے ’خون کا پیاسا ویمپائر‘ کہا جاتا ہے اور اس پر کم از کم 10 بچوں کو بہت بھیانک طریقے سے قتل کرنے کا الزام ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ملزم میسٹن ملیمو کی عمر 20 برس ہے اور اسے بدھ کو دو بچوں کو قتل کرنے پر گرفتار کیا گیا جن کی لاشیں نیروبی کے قریب جنگل سے برآمد ہوئیں۔
تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے 10 بچوں کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس کے مطابق بچوں کے لاپتہ ہونے کے کیسز میں اضافے کے بعد اس شخص کی گرفتاری ایک اہم پیش رفت ہے۔
کرمنل انویسٹی گیشن ڈائریکٹوریٹ نے بدھ کو ٹویٹ میں اس شخص کو ’خون کا پیاسا ویمپائر‘ لکھتے ہوئے کہا کہ ’اس نے اپنے شکار کو بہت بھیانک طریقے سے قتل اور بعض بچوں کو مارنے سے پہلے ان کی رگوں سے خون چوسا۔‘
پولیس کے مطابق ملزم نے پانچ سے 13 برس کے بچوں کو اپنا شکار بنایا۔ میسٹن ملیمو کی گرفتاری کی خبر کینیا کے بڑے اخبارات نے صفحہ اول پر شائع کی۔
پولیس کے مطابق ملزم نے سب سے پہلے ایک 12 سالہ لڑکی کو قتل کیا جسے اس نے پانچ برس قبل اغوا کیا تھا۔
ایک لڑکے کے قتل کے بعد مغربی کینیا میں احتجاجی مظاہرے ہوئے جن میں لوگوں نے ایک مشتبہ شخص کا گھر جلا دیا۔
کرمنل انویسٹی گیشن ڈائریکٹوریٹ کے مطابق ‘ملزم نے بتایا کہ اس نے کس طرح بچوں کو اپنے شکنجے میں کیا اور ان کی زندگی ختم کی۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے ایک بچے کو قتل کرنے سے پہلے اس کے گھر والوں سے 227 ڈالرز مانگے۔ ممکنہ طور پر اس شخص کے ہاتھوں قتل ہونے والے کافی بچوں کی لاشیں تاحال برآمد نہیں ہو سکی ہیں۔

شیئر: