Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغان ایشو: پاکستان اور امریکہ سمیت چار ملکی نیا اتحاد

دفتر خارجہ کے مطابق’فریقین سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں دیرپا امن و استحکام علاقائی رابطے کے لیے ضروری ہے۔‘ (فوٹو اے پی)
افغانستان میں 15 مئی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد امن عمل کو آگے بڑھانے میں تعاون کے لیے امریکہ، پاکستان، ازبکستان اور افغانستان پر مشتمل ایک چار ملکی سفارتی اتحاد تشکیل دیا گیا ہے۔
جمعے کو پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’افغانستان کے امن عمل اور 15 جولائی 2021 کے بعد کی صورتحال کے تناظر میں علاقائی تعاون کے لیے امریکہ، ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے معاون اتحاد کا اعلان کیا گیا ہے۔‘
ترجمان نے کہا کہ ’امریکہ، ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے نمائندوں نے اصولی طور پر اتفاق کیا ہے کہ نیا چار رکنی سفارتی پلیٹ فارم تشکیل دیا جائے جو علاقائی رابطہ کاری میں اضافے پر توجہ دے گا۔‘
دفتر خارجہ کے مطابق’فریقین سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں دیرپا امن و استحکام علاقائی رابطے کے لیے ضروری ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’بین الاقوامی تجارت کو بڑھانے کے تاریخی موقعے کو تسلیم کرتے ہوئے فریقین تجارت میں توسیع، راہداری کی تعمیر اور کاروباری تعلقات کو مضبوط تر بنانے کے لیے تعاون کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔‘
دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ‘فریقین نے باہمی اتفاق رائے کے ساتھ اس اتحاد کا طریقہ کار طے کرنے کے لیے آنے والے مہینوں میں ملاقات پر اتفاق کرلیا ہے۔‘
دوسری جانب  امریکہ کے سٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے ایک ٹویٹ میں اس اتحاد کے بارے میں کہا کہ ’آج ہم خطے میں معاشی رابطہ کاری کو مضبوط کرنے کے لیے ایک نئے سفارتی پلیٹ فارم کا اعلان کر رہے ہیں۔ ہم پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے ساتھ مل کر علاقائی تعاون کو بڑھانے کے خواہشمند ہیں، جو دیرپا امن کی کنجی ہے۔‘

شیئر: