Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوکیو کے ’اولمپکس ویلج‘ میں کورونا کے پہلے مثبت کیس کی تصدیق

جاپان کے ذرائع ابلاغ کے مطابق جس شخص کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا وہ غیرملکی شہری ہے۔ فائل فوٹو: روئٹرز
ٹوکیو اولمکپس کی انتظامیہ نے ’گیمز ویلج‘ میں پہلا کورونا کیس سامنے آنے کا انکشاف کیا ہے تاہم ایک بار پھر مقابلوں میں حصہ لینے والوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وبا کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہونے والے عالمی کھیلوں کے مقابلے کو وائرس سے محفوظ رکھا جائے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق افتتاحی تقریب سے چھ روز قبل اولمپکس کی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ ایک شخص کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ انتظامیہ نے متاثرہ شخص کا نام ظاہر نہیں کیا۔
ٹوکیو اولمپکس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ترجمان ماسا تاکایا کا کہنا تھا کہ ’ویلج میں ایک شخص کا کورونا مثبت آیا ہے۔ سکریننگ ٹیسٹ کے دوران یہ پہلا شخص ہے۔‘
ترجمان نے بتایا کہ ’اس وقت اس شخص کو ہوٹل تک محدود کر لیا گیا ہے۔‘
جاپان کے ذرائع ابلاغ کے مطابق جس شخص کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا وہ غیرملکی شہری ہے۔
ٹوکیو اولمپکس کو مقامی شہریوں کی جانب سے مخالفت کا سامنا ہے جو سمجھتے ہیں کہ کھیلوں کے ان عالمی مقابلوں کے انعقاد سے جاپان میں کورونا کیسز میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
خیال رہے کہ ٹوکیو میں حکام نے ’کورونا ایمرجنسی‘ کا نفاذ کر رکھا ہے جبکہ اولمپکس ویلج میں پہنچنے والے چین کے دستے کے بعض کھلاڑیوں نے ہوٹل میں ناقص انتظامات کی شکایت کی تھی۔
چین کے کھلاڑیوں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے ہوٹل میں دیگر افراد کو داخلے کی اجازت دینے سے کورونا وائرس پھیل سکتا ہے۔

شیئر: