سعودی عرب اور اٹلی کا 2030 کے فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے مشترکہ بولی پرغور
ہفتہ 17 جولائی 2021 23:36
فیفا ٹورنامنٹ کی مشترکہ میزبانی کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔(فائل فوٹو اے ایف پی)
برطانوی پریس کی خبروں کے مطابق سعودی عرب اور اٹلی 2030 کے فٹبال ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی کے لیے مشترکہ بولی پر غور کر رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ایتھلیٹک کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کی بولی ایسے وقت میں آئے گی جب فیفا کسی بھی ملک پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے ٹورنامنٹ کی مشترکہ میزبانی کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس کی شروعات 2026 کے فٹبال ورلڈ کپ سے ہو گی جس میں ٹیموں کی تعداد 48 ہو جائے گی۔ یہ 48 ٹیمیں 80 میچ کھیلیں گی جو امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں ہوں گے۔
اس کے برعکس 32 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ جیسا کہ آخری بار روس میں کھیلا گیا تھا اور اگلے سال قطر میں کھیلا جائے گا۔ اس میں مجموعی طور پر 64 میچ کھیلے جائیں گے۔ برطانوی اخبار دی ٹائمز نے گذشتہ مئی میں پہلی بار اطلاع دی تھی کہ سعودی عرب 2030 کے فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی حاصل کرنے کے لیے بولی کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
اخبار نے کہا تھا کہ سعودی عرب نے ایک امریکی مشاورتی کمپنی کو استعمال کرتے ہوئے فٹبال ٹورنامنٹ کی میزبانی حاصل کرنے کے لیے دوسرے براعظم کے ملک کے ساتھ ساتھ ممکنہ طور پر یورپ میں اپنی بولی پیش کرنے کی حکمت عملی تیار کی۔
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے مئی 2020 کو اس کی 71 ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران فیفا کانگریس کے ممبروں نے ووٹ ڈالنے کے بعد فیفا کی جانب سے فیفا مینز اور ویمن ورلڈ کپ ہر چار سال کی بجائے ہر دو سال بعد کے انعقاد کے لیے سعودی تجویز پر مبینہ طور پر اتفاق کیا تھا۔
اس تجویز کو 166 اور اس کے خلاف 22 ووٹوں سے منظور کیا گیا تھا۔
جمہوریہ آئر لینڈ کے علاوہ انگلینڈ،ویلز، سکاٹ لینڈ اور شمالی آئر لینڈ کے چار برطانوی فٹبال ایسوسی ایشنز پہلے ہی 2030 کے فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے مشترکہ بولی پیش کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
سپین اور پرتگال بھی بولی لگائیں گے جبکہ جنوبی امریکہ سے متعدد ممالک 1930 میں یوروگوے کے زیر اہتمام پہلے ٹورنامنٹ کی صد سالہ تقریبات منانے کے لیے ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے کی دعویدار ہیں۔