Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج ضوابط کی خلاف ورزی پر147 افراد کو گرفتار کیا: وزارت داخلہ

منی، عرفات اور مزدلفہ کے اطراف سیکیورٹی حصار سخت کردیا ہے۔(فوٹو عاجل)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ’ اس سال حج کرنے والے تمام عازمین حج کو حفظان صحت کے ضوابط کے مطابق مخصوص بسوں سے منیٰ پہنچایا گیا۔ یہاں سے میدان عرفات بھی اسی نظام کے مطابق منتقل کیا جا رہا ہے‘۔
الاخباریہ اور العربیہ کے مطابق حج و عمرہ ،داخلہ اور صحت کی وزارتوں کے نمائندوں نے اتوار کو مشترکہ پریس کانفرنس کی ہے۔
پریس بریفنگ میں اطمینان دلایا گیا کہ ’حجاج کے قافلوں کے انتظامات مقررہ پروگرام کے مطابق کیے جا رہے ہیں‘۔
’ کورونا ویکسین لینے والوں کے سوا کسی کو بھی حج مقامات میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے‘۔
یاد رہے کہ اس سال 60 ہزار افراد حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔ 2019 میں 25 لاکھ افراد نے حج کیا تھا ۔
اس سال حج کے لیے اندرون مملکت سے پانچ لاکھ 58 ہزار درخواستیں آن لائن موصول ہوئی ہیں۔
وزارت داخلہ کے ترجمان طلال الشہلوب نے بتایا کہ ’حج مقامات پر دراندازی کو روکنے کے لیے منیٰ، عرفات اور مزدلفہ کے اطراف سیکیورٹی حصار سخت کر دیا گیا ہے‘۔
 ترجمان نے کہا کہ ’اب تک حج ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے147 افراد پکڑے گئے ہیں جنہیں اور جرمانے کی سزائیں دی جائیں گی‘۔
انہوں نے سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں سے اپیل کی کہ وہ حج کو منظم کرنے والے ضوابط کی پابندی کریں۔
یاد رہے کہ وزارت داخلہ نے حج ایام کے دوران میں 17 سے 22 جولائی تک مسجد الحرام، اس کے اطراف اور مشاعرمقدسہ (منیٰ ، مزدلفہ اور عرفات) میں بغیر اجازت داخلے پر پابندی عائد کررکھی ہے۔

 

شیئر: