الاخباریہ اور عاجل ویب کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان نے اتوار کو مکہ میں وزارت داخلہ اور سیکیورٹی حکام کے ساتھ پریس بریفنگ میں کہا کہ ’حج ایام میں کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے‘۔
وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ ’حجاج کو صحت خدمات فراہم کرنے کے لیے سپیشل فیلڈ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ عازمین کو وائرس سے بچانے کے لیے موثر انتظامات کیے گئے ہیں‘۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ’صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ انتہائی کوشش ہے کہ حج موسم ہر وبا سے محفوظ رہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ تحفظ صحت کے حوالے سے ہمارے اقدامات تسلی بخش ہیں۔ عالمی برادری نے بھی اسے سراہا ہے اور وبا سے بچاو کے لیے مقرر انتظامات کے حوالے سے جو درجہ بندی کی جا رہی ہے اس میں سعودی عرب سرفہرست ہے‘۔
علاوہ ازیں وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ ’حجاج کی رہائش کےلیے 71 خیموں اور 6 ٹاورز کا انتظام ہے۔ خیموں اور ٹاورز کے داخلی راستوں پر سیکیورٹی ہے جبکہ درجہ حرارت چیک کرنے والا موثر نظام بھی نصب کیا گیا ہے‘۔
وزارت حج وعمرہ نے کہا کہ ’حجاج منی میں کورونا ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ ایک جگہ سے دوسری جگہ کسی روک ٹوک کے بغیر آجا سکتے ہیں‘۔