Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں انتخابات کے دوران فوج تعینات ہوگی

انتخابات کے لیے آرمی کے علاوہ رینجرز اور ایف سی کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں عام انتخابات کے موقع پر پاکستان فوج کوئیک رسپانس فورس کے طور پر  تعینات رہے گی جبکہ رینجرز اور ایف سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے کشمیر پولیس کی معاونت کریں گے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے الیکشن کمیشن نے 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے فوجی دستے تعینات کرنے کی درخواست کی تھی۔
اس درخواست پر پاکستان فوج 22 سے 26 جولائی تک کوئیک ری ایکشن فورس کے موڈ میں تعینات رہے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کشمیر پولیس کی معاونت کے لیے دیگر صوبوں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، سول آرمڈ فورسز، بشمول رینجرز اور ایف سی بھی تعینات کیے جائیں گے۔ ان تمام اداروں کی تعیناتی کا مقصد بلا رکاوٹ اور پر امن انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا ہے۔
اس سے قبل پاک فوج کی جانب سے کشمیر کے انتخابات میں پولنگ بوتھ کے اندر ڈیوٹی دینے سے معذرت کر لی گئی تھی۔
کشمیر کے 45 انتخابی حلقوں میں ہونے والے انتخابات کشمیر کے اندر 33 حلقوں سے 602 امیدوار اپنی قسمت آزمائی کریں گے جبکہ پاکستان میں مقیم مہاجرین کے 12 انتخابی حلقوں میں 122 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
کشمیر میں 32 لاکھ 20 ہزار 546 رائے دہندگان 25 جولائی کو پانچ سال کے لیے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔
ان انتخابات میں پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ نواز کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہو گا۔

شیئر: