Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام اور مسجد نبوی کو سینیٹائز کیا جائے گا: السدیس

’حج موسم کے دوران مصنوعی ذہانت سے بہت کام لیا گیا‘ (فوٹو: العربیہ)
مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس  نے کہا ہے کہ حج سیزن ختم ہوتے ہی مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ کو سینیٹائز کیا جائے گا۔
العربیہ چینل کے مطابق انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ویب سائٹ کے ذریعے وعظ اور تقریریں زائرین کی رہنمائی کے لیے بھیجتی رہے گی۔

مقدس مساجد کی انتظامیہ نے حج سیزن کو کامیاب بنانے میں حصہ لیا(فوٹو: عاجل)

السدیس نے کہا کہ ’اس سال حجاج نے انتظامی اور صحت ہدایات کی بھرپور پابندی کی۔ تمام زائرین حفاظتی ماسک، سماجی فاصلے اور سینیٹائزنگ کی پابندی کرتے رہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حج موسم کی کامیابی پر قیادت کو مبارکباد دیتے ہیں اور پوری دنیا سے یہ کہنا چاہتے ہیں کہ اس سال کا حج امن و سلامتی کا پیغام تھا۔‘
علاوہ ازیں ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ اس سال دوران حج  ڈیجیٹل ایپلی کیشنز کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا گیا۔ 

سعودی عرب مقدس مساجد کی خدمت کے لیے ہر ممکن کوشش کررہا ہے (فوٹو: عاجل)

العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ ’حج موسم میں مصنوعی ذہانت پر بڑا انحصار کیا گیا۔ حج سہولتوں کی فراہمی میں مصنوعی ذہانت سے کام لیا گیا-‘
ان کے مطابق سعودی عرب مقدس مساجد کی خدمت کے لیے ہر ممکن کوشش کررہا ہے۔ سعودی وژن  2030 کا تقاضا ہے کہ ترقی سے ہم آہنگ سہولتیں مہیا ہوں۔ 
انہوں نے کہا کہ مسجد الحرام کو سینیٹائز کرنے کے لیے سمارٹ روبوٹس سے کام لیا گیا۔ آب زمزم کی بوتلیں روبوٹ کے ذریعے تقسیم کرائی گئی ہیں۔ زائرین کی رہنمائی کے لیے روبوٹ کا سہارا لیا گیا۔
 وزارت حج و عمرہ، وزارت صحت اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر مقدس مساجد کی انتظامیہ نے حج موسم کو کامیاب بنانے میں حصہ لیا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: