پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز: افغانستان کے سکواڈ کا اعلان
ہفتہ 24 جولائی 2021 14:53
بی بی ایل اور پی ایس ایل کھیلنے والے نور احمد بھی افغانستان کی ٹیم کا حصہ ہیں (فوٹو: گیٹی امیجز)
افغانستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ ون ڈے کرکٹ میں اب تک موقع نہ پانے والے کرکٹرز صدیق اللہ اتل، شاہد اللہ کمال، عبد الرحمان، فضل حق فاروقی اور نور احمد افغانستان کی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور اپنا پہلا ون ڈے میچ پاکستان کے خلاف میچ کھیلیں گے۔
کرک انفو کے مطابق تین ایک روزہ میچز کی سیریز ستمبر میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔ افغانستان کی ٹیم دو ایشیا کپ مقابلوں اور ایک ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں پاکستان کا سامنا کر چکی ہے۔
حشمت اللہ شاہدی ون ڈے میں پہلی بار کپتانی کرنے جا رہے ہیں جن کو سال کے آغاز میں اس کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔
رحمت شاہ نائب کپتان ہوں گے جبکہ اصغر افغان کو کپتانی سے ہٹا دیا گیا ہے۔ افغان نے یو اے ای میں آئرلینڈ کے خلاف سیریز میں ٹیم کی قیادت کی تھی جو تین ایک سے جیتی تھی۔
جاوید احمدی، گلبدین نائب، سید شیرزاد اور یمیم احمد زئی بھی اس ٹیم میں شامل تھے، ان کو چھوڑ دیا گیا ہے۔
راشد خان، مجیب الرحمان کے ساتھ سپن اٹیک کریں گے۔
اسی طرح بی بی ایل اور پی ایس ایل میں حصہ لینے والے نور احمد بھی سپن اٹیک کا حصہ ہوں گے اور یہی ان کا بین الاقوامی کرکٹ کے لیے آغاز ہو گا۔
بائیں ہاتھ سے گیند کرنے والے فضل حق فاروقی جو چنائی سپر کنگز کے لیے کھیل چکے ہیں وہ بھی اس دورے میں ٹیم کا حصہ ہو سکتے ہیں۔
صدیق اللہ اتل نے ابھی تک ٹی 20 سیریزز ہی کھیلی ہیں جہاں ان کے رنز 16 اعشاریہ 28 کی اوسط سے 114 ہیں۔
رحمت اللہ گرباز وکٹ کیپر کے طور پر سکواڈ کا حصہ ہیں جبکہ اکرام علی خیل بھی واپس آئے ہیں، وہ 2019 میں ون ڈے کرکٹ کھیل چکے ہیں۔
آل راؤنڈر کریم جنت جو افغانستان کے لیے 2017 میں صرف ایک ون ڈے میچ کھیل چکے ہیں، وہ بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
اس وقت ورلڈ کپ سپر لیگ میں افغانستان کے 30 پوائنٹس ہیں۔
سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام
افغانستان کی ٹیم میں رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، صدیق اتل، رحمت شاہ (وائس کپتان) حشمت اللہ شاہدی (کپتان) نجیب اللہ زدران، اکرام علی خیل، شاہد کمال، محمد نبی، کریم جنت، عصمت اللہ عمرزئی، راشد خان، عبد الرحمان، نوین الحق، مجیب الرحمان، فضل حق فاروقی اور نور احمد شامل ہیں۔