خطے کی سکیورٹی اور استحکام کے لیے سعودی عرب اور پاکستان مل کر کام کرتے رہیں گے: شہزادہ فیصل بن فرحان
خطے کی سکیورٹی اور استحکام کے لیے سعودی عرب اور پاکستان مل کر کام کرتے رہیں گے: شہزادہ فیصل بن فرحان
منگل 27 جولائی 2021 11:43
سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا ہے کہ علاقائی معاملات پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہم آہنگی ہے اور دونوں ممالک سمجھتے ہیں کہ پرامن خطے کے لیے سکیورٹی اور استحکام بہت اہم ہے۔
منگل کی دوپہر اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ہمراہ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا کہ منگل کو ہونے والے ’مذاکرات میں یمن، افغانستان، کشمیر اور فلسطین جیسے موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔‘
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا کہ ’پاکستانی ہم منصب سے علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان تمام امور پر مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ خواہ جموں و کشمیر کا مسئلہ ہو، یا فلسطین کا ہم نے اپنے موقف کو کوارڈنیٹ کیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم خطے میں امن و سلامتی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔‘
سعودی وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس کے دوران سعودی معیشت کے لیے پاکستانیوں کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی ہم منصب سے انہوں نے اس پر بھی بات کی ہے کہ کس طرح ہم کمیونٹی کو دستیاب مواقع کو وسعت دیں سکیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارے دو طرفہ اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔
’ہم نے اقتصادی روابط کے فروغ، سرمایہ کاری کو بڑھانے پر خصوصی تبادلہ خیال کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ میڈیا اور انفارمیشن کے شعبوں میں تعلقات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وژن 2030 تبدیلی کا مظہر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم تہذیبی روابط کا فروغ چاہتے ہیں اور مذہبی تعلقات کے ساتھ ساتھ کلچرل تعلقات کے فروغ کے خواہشمند ہیں۔
قبل ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کی وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ہر کڑے وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
’پاکستان، سعودی عرب کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی حمایت جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ ‘
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین سپریم رابطہ کونسل کو دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے احسن اقدام قرار دیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین صحت، تعلیم، ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کے استحکام اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے روابط کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
سعودی وزیر خارجہ کی وزارتِ خارجہ آمد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔
وزارت خارجہ میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے ہیں۔
پیر کو پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ ’شہزادہ فیصل بن فرحان السعود اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔‘
شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کے ہمراہ سعودی حکومت کے اعلیٰ عہدیداران کا وفد موجود ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے رواں سال مئی میں وفد کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران سیاسی، معاشی، تجارتی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون سے متعلق متعدد معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے۔
اس سے قبل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فروری 2019 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ 20 ارب ڈالر مالیت کے سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔
پاکستان میں سعودی سفارت خانے کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ’وزیر خارجہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر ہونے والی ملاقاتوں کا تسلسل ہے جس کا آغاز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے ہوا جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔‘