اب تک 5 لاکھ سے زائد افراد صحتیاب ہو چکے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران مملکت کے مختلف ریجنز میں کورونا کے مزید 12 سو 89 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
نئے کیسز کے بعد مملکت میں مجموعی کیسز کی تعداد پانچ لاکھ 23 ہزار 397 ہو گئی ہے، جبکہ ایک ہی روز کورونا وائرس سے 12 افراد ہلاک ہوئے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے وزارت صحت کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ کورونا وائرس سے اب تک مجموعی ہلاکتیں آٹھ ہزار 212 ہو چکی ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جمعرات 29 جولائی کو سب سے زیادہ کیسز کی تصدیق مکہ ریجن میں ہوئی جن کی تعداد 260 رہی جبکہ ریاض ریجن میں 253 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
مشرقی ریجن میں مریضوں کی تعداد 220 ، جازان میں 100، قصیم ریجن میں 97 افراد کورونا میں مبتلا پائے گئے۔
عسیر ریجن میں 76 افراد میں کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ حائل ریجن میں 73 اور مدینہ منورہ ریجن میں مریضوں کی تعداد 63 رہی۔
تبوک ریجن میں 42، نجران ریجن میں 41 ، شمالی حدود ریجن میں 30، الباحہ ریجن میں 23 اور الجوف ریجن میں گیارہ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت کے مختلف ریجنز میں 11 ہزار 358 افراد میں کورونا وائرس ایکٹیو ہے جن میں سے 13 سو 95 کی حالت نازک ہے ۔
مملکت کے مختلف ریجنز میں ایک ہی دن میں 1299 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے جس کے بعد اب تک کورونا پانچ لاکھ تین ہزار 827 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ ایس اوپیز پرعمل جاری رکھا جائے۔ پرہجوم مقامات پرجانے سے اجتناب کریں اور ہاتھوں کی صفائی کا خصوصی خیال رکھیں، عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال لازمی کیا جائے۔