ریاض: کرپشن ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، زرتاج گل
ریاض(ذکاءاللہ محسن)کرپشن ملک کا سب سے بڑا اور بنیادی مسئلہ ہے۔ اس کی روک تھام کے لئے حکمرانوں کا کڑا احتساب ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما زرتاج گل نے یہاں ریاض میں پارٹی اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کرپشن کی وجہ سے ترقی کا پہیہ رک گیا ہے۔عمران خان واحد قومی لیڈر ہے جس پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ۔2013کے الیکشن کے بعد خیبر پختونخوامثالی صوبہ بن کر سامنے آیا ہے۔ تعلیم اور صحت کے لحاظ سے بھی خیبر پختونخومیںا پنجاب اور دیگر صوبوں سے کہیں زیادہ بہتر کام ہورہا ہے۔ انھوں نے پنجاب کے ورکرز پر زور دیا کہ آئندہ الیکشن میں پنجاب سے پہلے کی نسبت زیادہ نشستیں حاصل کرنا ہوںگی۔سنٹرل ریجن کے صدر عبدالقیوم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کا منشور لوگوں کو ہر میدان میں برابری کے حقوق دینا ہے۔موجودہ سیاسی نظام کے تحت امیر امیر تر اور غریب غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ ہم سب عمران خان کی قیادت میں خیبر پختونخوا کی صورت میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھ چکے ہیں۔ شبریز اختر نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جس میں قومی اسمبلی کی سب سے زیادہ سیٹیں ہیں۔اس لئے ہمیں اپنی پوری توجہ اسی پر مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ فیاض گیلانی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے بعد اگر پاکستان کو کوئی عوامی لیڈر ملا ہے تو وہ عمران خان ہے ۔محمد خرم کا کہنا تھا کہ نوجوان طبقہ پارٹی کا اثاثہ ہے جو الیکشن میں بھر پور کامیابی کا سبب بنے گا۔اجلاس میں روزی گل، ڈاکٹر فضل وہاب، شفیع اتماخیل، راشد وینس، اعجاز چوہدری، رانا کاشف، فلک شیر، کامران عارف، زاہد عمران، حسین چوہدری، عمران بھٹی، سید ضیاءالحسن گیلانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔