موسم کی صورتحال: سنیچر کو کئی علاقوں میں بارش کہیں گرد وغبار کا امکان
سب سے کم درجہ حرارت السودہ میں 13 سینٹی گریڈ رہے گا( فوٹو سبق)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے سنیچر کو موسمی تبدیلیوں سے متعلق پیشگوئی جاری کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے جازان، عسیر اور باحہ میں تیز گرد آلود ہواؤں کا امکان ہے۔ گرج چمک کے ساتھ بارش جاری رہے گی اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجنوں کے مختلف مقامات تک پھیل سکتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے جنوب مغربی اور مغربی بالائی مقامات پر حد نظر محدود ہوجائے گی۔ اس کا سلسلہ نجران تک پھیل سکتا ہے۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ سنیچر کو الاحسا میں انتہائی درجہ حرارت 47 سینٹی گریڈ ہوگا اور سب سے کم درجہ حرارت السودہ میں 13 سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
ماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی نے کہا ہے کہ اگست سخت مہنیہ ہوگا۔ مغربی علاقوں کے ساحلوں پر رطوبت بڑھنے کی توقعات ہیں۔
اس ماہ کے دوران جازان اور عسیر میں سب سے زیادہ، باحہ اور مکہ مکرمہ میں دوسرے اور مدینہ منورہ میں تیسرے جبکہ تبوک، مغربی ریاض، حائل، قصیم، الجوف اور حدود شمالیہ میں بارشوں کا سلسلہ چوتھے نمبر پر رہے گا۔ مملکت کے وسطی اور مشرقی علاقوں میں بھی بارش ہوگی مگر کم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بارش کا یہ سلسلہ چوبیس اگست تک جاری رہے گا۔ اس کے بعد گرمی رفتہ رفتہ کم ہونے لگے گی۔