Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کا 3 سے 17 سال کے بچوں کو سائنوفارم ویکسین لگانے کا فیصلہ

متحدہ عرب امارات ان ممالک میں شامل ہے جہاں ویکسینیشن کی شرح سب سے زیادہ ہے (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات تین سے 17 سال کے بچوں کو چین کی سائنوفارم ویکسین  لگانا شروع کر دے گا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق تفصیل فراہم کیے بغیر پیر کو متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’یہ فیصلہ کلینیکل ٹرائلز اور جائزے کے بعد کیا گیا ہے۔‘
حکام نے جون میں کہا تھا کہ ’کلینیکل ٹرائل میں 900 بچوں کے قوت مدافعت کی نگرانی کی جائے گی۔‘
متحدہ عرب امارات ان ممالک میں شامل ہے جس میں ویکسینیشن کی شرح سب سے زیادہ ہے۔
متحدہ عرب امارات پہلے ہی سے 12 سے 15 سال کی عمر کے بچوں کو فائزر بائیو این ٹیک کی ویکسین لگا رہا ہے۔
وزارت صحت نے اتوار کو کہا تھا کہ ’اب تک متحدہ عرب امارات کی 78.95 فیصد آبادی کو کورونا ویکسین کی ایک خوراک جبکہ 70.57 فیصد کی مکمل ویکسینیشن ہوگئی ہے۔‘
متحدہ عرب امارات جو خطے کا سیاحتی اور تجارتی مرکز ہے، کورونا وائرس کے ایک ہزار پانچ سو 19 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد چھ لاکھ 82 ہزار 377 کیسز اور اموات کی تعداد ایک ہزار 951 ہے۔
متحدہ عرب امارات نے چین کی سرکاری دواساز کمپنی سائنوفارم کی تیار کردہ ویکسین کے تیسرے مرحلے کے کلینیکل ٹرائلز منعقد کیے۔
ویکسین کی تیاری سائنو فارم اور ابو ظبی میں موجود ٹیکنالوجی کمپنی گروپ 42 کے اشتراک سے کی گئی۔

شیئر: