امارات میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے ایک ہزار 519 نئے کیسز
متاثرین کی تعداد بڑھ کر چھ لاکھ 82 ہزار377 ہوگئی ہے۔ (فائل فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات میں اتوار کو پچھلے 24 گھنٹے میں کورونا کے ایک ہزار 519 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
نئے مریض مختلف قومیت سے ہیں، ان سب کی حالت مستحکم ہے اور انہیں ضروری علاج فراہم کیا جارہا ہے۔ متاثرین کی تعداد بڑھ کر چھ لاکھ 82 ہزار377 ہوگئی ہے۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’وام‘ نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ’ پچھلے 24 گھنٹے کے دوران جدید تشخیصی آلات کی مدد سے مزید دو لاکھ 84 ہزار 403 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔‘
وزارت نے بتایا کہ ’متاثرہ مریضوں میں سے مزید ایک ہزار 466 مکمل صحتیاب ہوگئے۔ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر چھ لاکھ 59 ہزار 664 ہوگئی ہے۔‘
بیان کے مطابق ’وزارت کا کہنا ہے کہ پچھلے 24 گھنٹے کے دوران زیرعلاج مریضوں میں سے مزید دو مریض چل بسے، مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 951 ہوگئی ہے۔‘
وزارت نےعوام کو احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلے کی پابندی جاری رکھنے کی تلقین کی ہے۔
علاوہ ازیں وزارت صحت کے اعلان کے مطابق’ پچھلے چوبیس گھنٹے میں کورونا ویکسین کی مزید 15 ہزار 279 خوراکیں دی گئی ہیں‘۔
اب تک ایک کروڑ 68 لاکھ 10 ہزار 996 خوراکیں دی جاچکی ہیں۔