Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کو کشمیر پریمیئر لیگ کا اتنا خوف کیوں ہے؟ شاہ محمود قریشی

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ’کشمیر پریمیئر لیگ کا لوگوں کو انتظار ہے۔ کھیلوں کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔‘
پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں انڈیا کے رویے کی مذمت کرتا ہوں۔ کشمیر پریمیئر لیگ جیسے ایونٹ نارمل ایکٹیویٹی کو پروموٹ کرتے ہیں۔‘
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’ہمارے پریمیئر لیگ جیسے ایونٹ مقبوضہ کشمیر میں کروایے، آپ کو کس نے روکا ہے۔‘  
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’کشمیری کھلاڑی خواہ وہ آزاد کشمیر سے ہو یا مقبوضہ کشمیر سے، اگر آگے بڑھتا ہے تو ہمیں اس کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔‘
’انڈیا کے رویے سے ان کی نیک نامی میں اضافہ نہیں ہو رہا۔ کھلاڑیوں کو دھمکایا جا رہا ہے کہ انہیں ویزے نہیں ملیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’چاہیے تو یہ تھا کہ آزاد کشمیر میں ہونے والے میچز کو سری نگر میں سکرین لگا کر دکھایا جاتا، جیسے شارجہ میں دکھایا جاتا ہے۔ انہیں (انڈیا) کشمیر پریمیئر لیگ کا اتنا خوف کیوں ہے؟‘
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے صدر عارف ملک کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’کشمیر پریمیئر لیگ کے مظفرآباد میں انعقاد پر انڈیا رکاوٹ پیدا کر رہا ہے۔‘
بیان کے مطابق کے پی ایل کے صدر نے کہا کہ ’انگلش اور افریقی کھلاڑیوں کو روکے جانے پر لیگ نے باقی غیر ملکی کھلاڑیوں سے خود معذرت کر لی ہے۔‘
’کشمیر پریمیئر لیگ نے غیر ملکی کھلاڑیوں کی جگہ مزید مقامی کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
کرکٹ میلے کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کا آغاز 6 اگست سے مظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم میں ہو رہا ہے جو 17 اگست تک جاری رہے گا۔ اس لیگ میں کُل چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

شیئر: