کشمیر پریمیئر لیگ: ’انڈیا کی دھمکی پر غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت سے معذرت‘
جمعہ 30 جولائی 2021 19:57
کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے صدر عارف ملک کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ’کشمیر پریمیئر لیگ کے مظفرآباد میں انعقاد پر انڈیا رکاوٹ پیدا کر رہا ہے۔‘
کرکٹ میلے کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کا آغاز 6 اگست سے مظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم میں ہو رہا ہے جو 17 اگست تک جاری رہے گا۔ اس لیگ میں کُل چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
جمعے کے روز جاری بیان کے مطابق کے پی ایل کے صدر نے کہا کہ ’انگلش اور افریقی کھلاڑیوں کو روکے جانے پر لیگ نے باقی غیر ملکی کھلاڑیوں سے خود معذرت کر لی ہے۔‘
’کشمیر پریمیئر لیگ نے غیر ملکی کھلاڑیوں کی جگہ مزید مقامی کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’انڈین کرکٹ بورڈ کے حکام نے انگلش اور افریقی کرکٹ بورڈ کے حکام سے رابطہ کیا جس میں اس نے لیگ میں حصہ لینے والے انگلش اور افریقی کھلاڑیوں کو ہر صورت روکنے کا پیغام دیا۔‘
’کے پی ایل میں حصہ لینے پر کھلاڑیوں کو انڈیا میں داخلے پر پابندی کی دھمکی دے گئی ہے اور انگلش بورڈ اور افریقی بورڈ نے تاحکم ثانی کھلاڑیوں کو لیگ میں شرکت سے روک دیا ہے،‘
تاہم چیئرمین مظفرآباد ٹائیگرز ارشد خان تنولی نے کہا ہے کہ ’مظفرآباد ٹائیگرز کے سٹار کھلاڑی تلکارتنے دلشان نے کشمیر پریمیئر لیگ میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔‘
مظفرآباد ٹائیگرز کی پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین مظفرآباد ٹائیگرز نے تلکارتنے دلشان کو ہر ممکن سہولیات اور سکیورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ دلشان کا آنا بی سی سی آئی اور انڈیا کے منہ پر طمانچہ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’دلشان سے بات ہوئی ہے وہ لیگ میں شرکت کے لیے بے تاب ہیں۔ دلشان نے پاکستان کے ویزے کے لیے اپلائی کردیا ہے۔ ان کے جذبے کی قدر کرتے ہیں۔‘
ارشد خان تنولی کا کہنا تھا کہ ’باقی بین الاقوامی کھلاڑیوں کو بھی دلشان کی پیروی کرنی چاہیے۔ دلشان کا لیگ میں شرکت کا فیصلہ مظفرآباد ٹائیگرز کے لیے باعث فخر ہے۔‘