مقدس مساجد کی انتظامیہ میں 20 خواتین اعلیٰ عہدوں پر فائز
مقدس مساجد کی انتظامیہ میں 20 خواتین اعلیٰ عہدوں پر فائز
جمعرات 5 اگست 2021 18:56
اعلیٰ عہدوں پر تعینات خواتین ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں رکھتی ہیں (فوٹو: حرمین شریفین ٹوئٹر)
مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمان السدیس نے 20 خواتین کو اعلیٰ عہدوں پر تعینات کیا ہے۔ یہ خواتین ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کیے ہوئے ہیں-
اخبار 24 اور الوطن کے مطابق السدیس نے کہا کہ ’منفرد علمی استعداد اور عمدہ تجربات رکھنے والی خواتین کو انتظامیہ کے معاون سربراہ اور سیکریٹریز کے عہدوں پر تعینات کیا جائے گا- علاوہ ازیں مختلف ترقیاتی اداروں میں معاون سیکریٹری کے عہدوں پر بھی خواتین تعینات کی جائیں گی-
ڈاکٹر السدیس نے اس سے قبل مقدس مساجد کی انتظامیہ کے ماتحت خواتین کو بااختیار بنانے والا ایک ادارہ بھی قائم کیا ہے- اسے مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ کے انتظامات میں جدت لانے کے لیے خواتین کو اعلیٰ عہدوں پر تعینات کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے-
مقدس مساجد کی انتظامیہ نے توجہ دلائی ہے کہ منفرد علمی ڈگریاں اور تجربات کی دولت سے مالا مال خواتین کی صلاحیتوں سے ممکنہ حد تک زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا- خواتین سعودی وژن 2030 کے تحت حج، عمرہ اور زیارت پر آنے والوں کو سہولتیں فراہم کریں گی-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں