Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بیرون ملک جانے والے 16 سے 18 سال کے طلبہ کو موڈرنا ویکسین لگے گی‘

این سی او سی کے مطابق ’ ویکسین تعلیمی اداروں کے دستاویزات اور مصدقہ ویزہ دیکھ کر ہی لگائی جائے گی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’تعلیم کی غرض سے بیرون ملک جانے والے 16 سے 18 سال تک کے طلبہ و طابات کو موڈرنا ویکسین لگائی جائے گی۔‘
این سی او سی کی جانب سے جمعے کو جاری کیے گئے ٹوئٹر بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’یہ سہولت ان طلبہ و طالبات کو دی جائے گی جن کے بیرون ملک تعلیمی اداروں نے ویکسینیشن کو لازمی قرار دے رکھا ہے۔‘
بیان میں یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ ’طلبہ کو ویکسین تعلیمی اداروں کی دستاویزات اور مصدقہ ویزے کی تصدیق کے بعد لگائی جائے گی۔‘
خیال رہے کہ پاکستان میں 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائے جانے کا سلسلہ کئی ماہ سے چل رہا ہے جبکہ حکومت، میڈیا اور دوسرے ذرائع سے لوگوں کو ویکسین لگوانے کی ترغیب بھی دے رہی ہے.
 این سی او سی کی ویب سائٹ پر دیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ’پاکستان میں اب تک تین کروڑ 53 لاکھ چھ ہزار آٹھ سو 92 افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے، جبکہ اس وقت ملک میں فعال کیسز 10 لاکھ 58 ہزار چار سو پانچ ہے، 23 ہزار سات سو دو اموات ہو چکی ہیں، چار ہزار ایک سو 57 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ اب تک ایک کروڑ 63 لاکھ 36 ہزار ایک سو 71 ٹیسٹ کروائے گئے ہیں۔‘
این سی او سی کے مطابق ’نو لاکھ 54 ہزار سات سو 11 افراد وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔‘

شیئر: