سعودی عرب کی طرف سے یمن میں اقوام متحدہ کے نئے ایلچی کے تقرر کا خیر مقدم
سعودی عرب کی طرف سے یمن میں اقوام متحدہ کے نئے ایلچی کے تقرر کا خیر مقدم
ہفتہ 7 اگست 2021 17:36
یمن تنازع کے سیاسی حل کے لیےکوششوں کی حمایت جاری رہے گی( فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب نے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے یمن کے لیے ہانز گرونبرگ کے تقرر کا خیر مقدم کیا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ٹویٹ کیا کہ ’ہم ان کے نئے کردار کی کامیابی کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنے کے منتظرہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب یمن کے تنازع کے سیاسی حل تک رسائی کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا جو یمن میں امن اور خوشحالی لانے میں مدد دے‘۔
I welcome the appointment of Hans Grundberg as UN Special Envoy for Yemen. We wish him success in his new role and look forward to working with him. The Kingdom will continue to support all efforts to reach a political solution that helps bring peace and prosperity to Yemen.
جی سی سی کے سیکیرٹری جنرل ڈاکٹر نایف الحجرف نے بھی یمن کے لیے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ایلچی کی حیثیت سے سویڈن کے سفارتکار ہانز گرونبرگ کے تقرر کا خیر مقدم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ایلچی کا کردار سیاسی حل تک رسائی کے لیے علاقائی و بین الاقوامی کوششوں کا ساتھ دینا ہے‘۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش نے سویڈن کے سفارتکار ہانز گرونبرگ کو یمن کے لیے اپنا خصوصی ایلچی مقررکیاہے۔ انہوں نے مارٹن گرفتھنی کی جگہ لی ہے۔
سویڈش سفارتکار کو بین الاقوامی امور میں 30 برس سے زیادہ کا تجربہ ہے۔وہ پندرہ برس سے زیادہ عرصے سے تنازعات طے کرانے، ثالثی اور مذاکرات کا تجربہ رکھتے ہیں۔
2019 سے یمن میں یورپی یونین کے سفیر کے طور پر کام کررہے تھے۔
سویڈش سفارتکار نے اسٹاکہوم میں اپنے دفتر خارجہ کے ماتحت گلف سیکشن کی صدارت بھی کی ہے۔ یہ اس وقت کی بات ہے جب سویڈن اقوام متحدہ کے مذاکرات کی میزبانی کررہا تھا جس کے نتیجے میں 2018 کے دوران اسٹاکہوم معاہدہ طے پایا۔