Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن کے لیے اقوام متحدہ کے نئے خصوصی ایلچی کا تقرر

سویڈش سفارتکار کو بین الاقوامی امور میں 30 برس سے زیادہ کا تجربہ ہے(فوٹو ٹوئٹر)
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش نے سویڈن کے سفارتکار ہانز گرونبرگ کو یمن کے لیے اپنا خصوصی ایلچی مقررکیاہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنی ایس پی اے کے مطابق اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے جمعے کو نیویارک میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سویڈش سفارتکار کو بین الاقوامی امور میں 30 برس سے زیادہ کا تجربہ ہے۔
وہ پندرہ برس سے زیادہ عرصے سے تنازعات طے کرانے، ثالثی اور مذاکرات کا تجربہ رکھتے ہیں-
مشرق وسطی ان کی توجہات کا محور رہا ہے۔ 2019 سے یمن میں یورپی یونین کے سفیر کے طور پر کام کررہے تھے۔
سویڈش سفارتکار نے اسٹاکہوم میں اپنے دفتر خارجہ کے ماتحت گلف سیکشن کی صدارت بھی کی ہے۔ یہ اس وقت کی بات ہے جب سویڈن اقوام متحدہ کے مذاکرات کی میزبانی کررہا تھا جس کے نتیجے میں 2018 کے دوران اسٹاکہوم معاہدہ طے پایا۔ 
جی سی سی کے سیکیرٹری جنرل ڈاکٹر نایف الحجرف نے یمن کے لیے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ایلچی کی حیثیت سے سویڈن کے سفارتکار ہانز گرونبرگ کے تقرر کا خیر مقدم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ایلچی کا کردار سیاسی حل تک رسائی کے لیے علاقائی و بین الاقوامی کوششوں کا ساتھ دینا ہے‘۔
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ’ خلیجی تعاون کونسل کا غیر متزلزل موقف ہے کہ سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2216 یمن میں قومی مکالمہ کانفرنس کی قراردادوں اور خلیجی امن اقدام کے مطابق یمن کا مسئلہ حل کیا جائے‘۔ 
ڈاکٹر نایف الحجرف نے امید ظاہر کی کہ ’سویڈن کے سفارتکار اپنے پیشہ ورانہ ماضی کے تناظر میں یمنی بحران کو حل کرانے کی جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے‘۔
 

شیئر: