حوثیوں کے نئے ڈرون حملے پر او آئی سی، بحرین اور امارات کی مذمت
ڈاکٹر یوسف العثیمین نے حوثیوں کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی- (فوٹو سبق)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)، بحرین اور متحدہ عرب امارات سمیت متعدد برادر اور دوست ملکوں نے سعودی شہر خمیس مشیط کو بارود سے لدے ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش پر حوثیوں کی مذمت کردی-
ایس پی اے کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے حوثیوں کے مبینہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ سعودی ایئر ڈیفنس سسٹم نے بروقت کارروائی کرکے حوثیوں کے ڈرون حملے کو ناکام بنادیا-
سیکریٹری جنرل نے اس موقع پر سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس حوالے سے اس کے تمام اقدامات کی حمایت کا بھی اعادہ کیا-
بحرین نے بیان میں کہا کہ حوثی جان بوجھ کر سول تنصیبات اور شہریوں کی سلامتی کو خطرات پیدا کررہے ہیں- سعودی عرب اپنی سرحدوں، ملکی امن و سلامتی، شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے تحفظ کے لیے جو اقدامات کرے گا بحرین اس کے ساتھ ہوگا-
بحرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے کے امن و استحکام کو خطرات پیدا کرنے والے دہشت گردانہ اقدامات پر حوثیوں کی مذمت کریں-
عاجل ویب سائٹ کے مطابق امارات نے بھی ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشت گردوں کے حملے پر ان کی مذمت کردی- وزارت خارجہ نے بیان جاری کرکے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ حوثیوں کے دانستہ جارحانہ اقدامات بند کرانے کے لیے فوری اور فیصلہ کن موقف اختیارکرے-
امارات نے اس یقین کا اظہار کیا کہ حوثیوں کے مسلسل حملے خطے میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہیں-
امارات نے حوثیوں کے دہشت گردانہ حملوں کے خلاف سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اپنے امن و استحکام کے لیے جو اقدامات کرے گا امارات کو اپنے ساتھ پائے گا- امارات اور مملکت کا امن ناقابل تقسیم اکائی ہے-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں