Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اگر ارشد ندیم بھی میڈل جیت جاتے تو ایشیا کا نام ہو جاتا‘

نیرج چوپڑا کہتے ہیں کہ ارشد نے انہیں ایک بڑی سی مسکراہٹ کے ساتھ مبارکباد دی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ٹوکیو اولمپکس میں جیولن تھرو مقابلوں میں سونے کا تمغہ حاصل کرکے ریکارڈ قائم کرنے والے انڈین ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے کہا ہے کہ انہیں خوشی ہوتی اگر پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم بھی میڈل جیتنے کے بعد ان کے ساتھ پوڈیم شیئر کرتے۔
انڈین چینل نیوز18 کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے نیرج نے کہا کہ ’اگر ارشد بھی میڈل جیت جاتے تو ایشیا کا نام ہوجاتا۔‘
پاکستان کے ارشد ندیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی تھی تاہم ارشد ندیم نے 84.62 میٹر کی تھرو کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کی۔
روایتی حریف پاکستان اور انڈیا جب بھی کسی کھیل میں آمنے سامنے آتے ہیں دونوں ملکوں کے عوام بھی جذباتی ہوجاتے ہیں اور ٹی وی چینلز پر اس دوران جنگ جیسے الفاظ کا استعمال ہونا عام سی بات ہے۔
جیولن تھرو کے فائنل میں کچھ ایسا ہی ہوا لیکن نیرج کو یہ بات بالکل پسند نہیں آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’کرکٹ میں چل جاتا ہے کیونکہ سات، آٹھ ممالک ہوتے ہیں، پر اولمپکس میں یہ سب کرنا ٹھیک نہیں۔‘
اولمپکس کی اختتامی تقریب سے پہلے بھی نیرج اور ارشد کا کھانے کے ہال میں آمنا سامنا ہوا۔ نیرج کہتے ہیں کہ ’ارشد نے انہیں ایک بڑی سی مسکراہٹ کے ساتھ مبارکباد دی۔‘
میں نے اسے کہا کہ وہ اپنے قومی لباس میں تگڑا لگ رہا ہے۔ اس نے اچھا کھیلا اور میں اس کے مستقبل کے لیے اسے نیک تمنائیں دیں۔‘
24 سالہ ارشد ندیم پہلے پاکستانی ایتھلیٹ ہیں جنہوں نے اولمپکس گیمز میں جیولن تھرو میں ملک کی نمائندگی کی۔

 فائنل میں ارشد ندیم نے 84.62 میٹر کی تھرو کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ارشد ندیم نے 2019 میں 13ویں ساؤتھ ایشین گیمز میں طلائی تمغہ حاصل کرکے ٹوکیو اولمپکس 2020 کے لیے براہ راست کوالیفائی کیا تھا۔
وہ پہلے پاکستانی ایتھلیٹ ہیں، جو وائلڈ کارڈ انٹری نہیں بلکہ براہ راست اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
اس سے قبل انہوں نے جکارتہ میں کھیلی گئی ایشین گیمز میں بھی کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ صوبائی سطح کے کئی مقابلوں میں بھی کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان نے اولمپکس میں 1992 میں آخری تمغہ حاصل کیا تھا جب قومی ہاکی ٹیم سپین میں کھیلے گئے بارسلونا اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

شیئر: