Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ارشد ندیم نے اچھی کرکٹ کھیلی‘، میرا کی مبارک باد پھر مذاق بن گئی

اداکارہ میرا ماضی میں بھی اپنے مختلف بیانات کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنتی رہی ہیں۔ (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستانی اداکارہ میرا نے اولمپکس کے دوران جیولن تھرو میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پاکستانی کھلاڑی کو مبارکباد دی تو ’کرکٹ کھیلنے پر ارشد ندیم کی تعریف‘ پر مبنی ویڈیو کلپ سوشل ٹائم لائنز پر مذاق بن گیا۔
مختصر دورانیے کی ویڈیو میں اداکارہ میرا یہ کہتی سنائی دیتی ہیں کہ ’ارشد ندیم نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی، پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کھیلا بہت اچھا، بڑی محنت نظر آ رہی تھی، ان کی جو باڈی لینگویج تھی اس میں بڑی دیانتداری، ایمانداری اور ڈسپلن تھا۔‘
میرا نے بات یہاں ختم نہیں کی بلکہ حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ ’پاکستان کے لیے کھیلنے والے ہمارے ہیروز کی قدر کرے، چاہے وہ فلم انڈسٹری کے لوگ ہوں یا ہماری کرکٹ میں جو ہیروز ہیں۔‘
ٹوئٹر پر میرا کا ویڈیو کلپ شیئر کرنے والے صارفین نے کہیں ماضی کا حوالہ دے کر ان کی گفتگو میں ایسی ہی غلطیوں کی نشاندہی کی تو کہیں ’جنرل نالج اور انگلش کی غلطیوں‘ کا تقابل کیا جاتا رہا۔
میرا اور ان کے جملوں کا ذکر شروع ہوا تو کچھ صارفین نے اس کی ممکنہ وجوہات کے پہلو پر بھی بات کی۔ سرورجی نامی ہینڈل نے لکھا کہ ’میرا کہنا چاہ رہی تھیں کہ ندیم جیولن نے کرکٹ بہت اچھی کھیلی ہے۔‘ 
جنرل نالج کی کمزوری کا ذکر کچھ زیادہ ہوا اور میرا کی ایسی ہی دیگر غلطیاں زیر بحث آئیں تو کچھ صارفین یہ تسلیم کیا کہ وہ بھی ’ارشد ندیم کے کھیل‘ سے واقف نہیں البتہ اتنا جانتے ہیں کہ وہ ’کرکٹر نہیں ہیں۔‘

ویڈیو کلپ میں ارشد ندیم کے ’غلط تذکرے‘ کے باوجود ’میرا کے اعتماد‘ کو سراہنے والے تعریف کے لیے بھی انہی کے سابقہ جملوں کا سہارا لیتے رہے۔

میرا کی ویڈیو پر تبصرہ کرنے والی فاریہ نامی ٹویپ نے انٹرٹینمنٹ بھرے لمحات فراہم کرنے پر اداکارہ کا شکریہ بھی ادا کیا لیکن قہقہے یہاں بھی نمایاں تھے۔

’ارشد ندیم کو اچھی کرکٹ پر میرا کی مبارکباد‘ پہلا موقع نہیں جب پاکستانی اداکارہ کی کوئی گفتگو سوشل ٹائم لائنز پر وائرل ہو کر قہقہوں اور طنز و تنقید کی وجہ بنی ہو۔ 
کچھ عرصہ قبل یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ امریکی ڈاکٹر کے سامنے غلط انگلش بولنے اور وزیراعظم سے پروٹوکول ملنے کا دعوی کرنے کے بعد میرا کو نفسیاتی علاج کے لیے امریکی طبی مرکز بھیجا گیا تھا۔ تاہم بعد میں اداکارہ کے مینیجر نے اسے ’ان کی والدہ کی جانب سے پھیلائی گئی افواہ‘ قرار دیا تھا۔ 
44 سالہ ارتضی رباب عرف میرا چند روز قبل ’شوبز سے دل شکستہ ہو کر وزیراعظم عمران خان کی جماعت پی ٹی آئی‘ میں شمولیت کا اعلان بھی کر چکی ہیں۔

شیئر: