Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نور مقدم کیس کے تمام ملزموں کے نام ای سی ایل میں شامل: شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نور مقدم کیس کے تمام ملزموں کے نام ای سی ایل میں ڈال دیے گئے ہیں۔
شیخ رشید نے منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نور مقدم قتل کیس سمیت مختلف اہم معاملات پر گفتگو کی اور صحافیوں کے سوالات کے جواب دیے۔
خیال رہے کہ ایک دن پہلے پیر کو ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد پولیس افضال کوثر نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بتایا تھا کہ نور مقدم کیس کا چالان بہت جلد پیش کر دیا جائے گا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کمیٹی کو بتایا کہ ’ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد بلکہ 20 جولائی تک چالان مکمل کرکے عدالت میں پیش کریں۔‘
چند دن پہلے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ وہ نور مقدم کیس کو خود دیکھ رہے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ قاتل بچ نہیں سکے گا۔
اتوار کو سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب سے کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے نور مقدم کیس کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا  کہ ’میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ قاتل بچ نہیں سکے گا۔ چاہے قاتل دوہری شہریت ہی کیوں نہ رکھتا ہو۔‘
دو اگست کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے نور مقدم کے قتل کے ملزم ظاہر جعفر کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ جولائی کی شام اسلام آباد کے پوش سیکٹر ایف سیون میں سابق سفیر کی 28 سالہ بیٹی نور مقدم کو گلا کاٹ کر قتل کر دیا گیا تھا۔ جس کا مقدمہ تھانہ کوہسار میں درج کیا گیا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تمام جعلی شناختی کارڈز ختم کر دیے جائیں گے۔ (فائل فوٹو:  اے ایف پی)

’افغانستان جانے اور افغانوں کا مسئلہ جانے‘

وفاقی وزیر داخلہ نے افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’افغانستان جانے اور افغانوں کا مسئلہ جانے، ہمارا افغانستان سے کوئی تعلق نہیں، ہم امن کے داعی ہیں۔‘
انہوں نے افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کے حوالے سے کہا کہ ’ہم نے اپنی تحقیقات کی ساری معلومات دفتر خارجہ کے نمائندوں کی موجودگی میں افغانستان سے آنے والے وفد کے حوالے کر دی ہیں۔‘
انڈین وزیر داخلہ کے بیان کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں کوئی دخل اندازی نہیں کی جا رہی۔ انڈین وزیر داخلہ نے جو بیان دیا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں دہشت گرد بھیج رہا ہے، میں اس کی تردید کرتا ہوں ،یہ غیر ذمہ دارنہ بیان ہے۔ اگر ان کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو پیش کریں۔‘
چینی انجینیئرز پر حملے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’داسو واقعے کے بعد جو ذمہ داری ہماری سکیورٹی ایجنسیز پر لگائی گئی تھی، وہ ہم نے پوری کر دی ہے۔‘
شیخ رشید کا جعلی شناختی کارڈ کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’بائیومیٹرک سسٹم سے پہلے جو 70 لاکھ شناختی کارڈ جاری ہوئے ہیں، ان سب کی تجدید کی جائے گی۔ تمام جعلی شناختی کارڈز کو ختم کر رہے ہیں اور جن افسروں نے اس عمل میں مدد کی ان سب کو نادرا سے نکال رہے ہیں۔‘

شیئر: