Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

توکلنا ایپ کے ذریعے تعلیمی ادارے کے عملے اور طلبہ کا صحت ڈیٹا دیکھا جا سکے گا

 توکلنا ایپ صارفین کو متعدد سہولتیں فراہم کر رہی ہے(فائل فوٹو اے ایف پی)
سعودی عرب میں سکولوں اور تعلیمی اداروں میں حکام اب توکلنا ایپ کے ذریعے طلبہ اور عملے کے ارکان کا ڈیٹا بشمول صحت، ویکسینیشن اور انفیکشن کی صورتحال کو ٹریک اور دیکھ سکتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق توکلنا ایپ اپنے صارفین کو متعدد سہولتیں فراہم کر رہی ہے جن میں ویکسین لگوانا، کورونا ٹیسٹ کے لیے بکنگ کرانا اور مختلف ایجنسیوں کا ڈیٹا فراہم کرنا شامل ہے۔
اس کے یہ علاوہ یہ ایپ متاثرہ افراد کے ساتھ رابطے میں آنے والے طلبہ اور عملے کی تعداد، متاثرہ افراد کی تعداد اور کورونا ویکسین لگوانے والوں کی تعداد کے بارے میں بھی معلومات فراہم کرتی ہے۔
ہر طالب علم اور سٹاف ممبر کی تفصیلات توکلنا ایپ کے پورٹل میں بھی دکھائی جاتی ہیں۔ شناختی نمبر، نام، کیٹاگری اور صحت کی حیثیت۔ مخصوص شناختی نمبروں کے لیے سرچ آپشن بھی سرچ آئیکن کے ذریعے دستیاب ہے۔
سینئیرعملہ اپنے ادارے کے پروفائل سے توکلنا کے ذریعے اس کا کوڈ سکین کرکے یا ڈیٹا داخل کرکے لاگ ان اور لاگ آؤٹ کر سکتا ہے۔
طلبہ اور عملہ کیو آر کوڈ سکین کرکے سسٹم کے ساتھ بات چیت کر سکتے ہیں۔
 اگست کے آخر تک نئے تعلیمی سال کے پہلے سمسٹر کے لیے طلبہ کے سکول واپس آنے کی توقع ہے۔
سعودی وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ صرف انٹرمیڈیٹ اور سیکنڈری سطح کے وہ طلبہ جو کورونا ویکسین کی دو خوراکیں لے چکے ہیں سکول واپس آ سکتے ہیں جبکہ پرائمری طلبہ آن لائن تعلیم جاری رکھیں گے۔

وہ طلبہ جو ویکسین دو خوراکیں لے چکے ہیں سکول واپس آ سکتے ہیں(فوٹو ایس پی اے)

دریں اثنا سعودی وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ  طلبہ کی واپسی کی تیاری کے لیے سکولوں کی سالانہ دیکھ بھال اور صفائی کے معاہدوں کے لیے 147 بلین ریال سے زائد رقم مختص کی ہے۔
وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ 207  ملین ریال سے زائد کی لاگت سے 132 ری فربشمنٹ آپریشنز، 32 ملین ریال کی لاگت سے 23 بحالی آپریشنز اور 33 اضافی آپریشنز کے لیے  36 بلین ریال  مختص کیے ہیں۔
وزارت تعلیم کے منصوبوں اور دیکھ بھال کے انڈر سیکریٹری عبدالرحمن الشیا نے کہا ہے کہ وزارت نے سکولوں میں حفاظتی سامان اور مواد کو محفوظ بنانے کے لیے 65 ملین ریال کے اضافی آپریٹنگ بجٹ کی منظوری دی ہے جس میں 25 ملین سے زائد کے ماسک اور سینیٹائزر شامل ہیں۔
سعودی عرب کی تعلیم اور صحت کی وزارتوں کی طرف سے جاری ہدایات کے مطابق کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی نے اعلان کیا ہے کہ ویکسین کی دو خوراکیں لینے والے طلبہ اپنی تمام تعلیمی سطحوں (ڈپلومہ، بیچلرز، پوسٹ گریجویٹ سٹڈیز) کی کلاسوں میں شرکت کر سکتے ہیں۔
یونیورسٹی نے تمام طلبہ اور ملازمین پر زور دیا کہ وہ 29 اگست کو تعلیمی سال کے آغاز سے قبل کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں جلد لگوا ئیں۔ یونیورسٹی نے تمام طلبہ، ملازمین اور ان کے خاندانوں کے لیے مرکزی عمارت میں ایک ویکسین سینٹر بھی مختص کیا ہے۔

شیئر: