Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنید صفدر کی شادی 22 اگست کو طے، مریم نواز شرکت نہیں کرسکیں گی

نواز شریف کے نواسے جنید صفدر کی شادی کی تقریب 22 اگست کو لندن میں ہوگی (فائل فوٹو: مریم نواز ٹوئٹر)
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ’ان کے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی سابق سینیٹر سیف الرحمان کی صاحبزادی عائشہ سیف سے طے پا گئی ہے۔‘
بدھ کو مریم نواز نے شادی کا کارڈ ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے بیٹے جنید صفدر کا نکاح 22 اگست کو لندن میں ہو رہا ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’بدقسمتی سے میں جعلی کیسز کا بدترین نشانہ بنائے جانے کے باعث شادی کی تقریب میں شرکت نہیں کر سکوں گی۔‘
مریم نواز نے یہ بھی لکھا کہ ’جب میری پیاری والدہ کا انتقال ہوا تب میں جیل میں تھی اور اب میں اپنے بیٹے کی خوشیوں میں شریک نہ ہو پاؤں گی لیکن میں اس حکومت سے بیرون ملک جانے کی درخواست کبھی نہیں کروں گی، میں نے یہ معاملہ خدا پر چھوڑ دیا ہے۔‘
واضح رہے کہ مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی سابق سینیٹر شادی سیف الرحمان کی صاحبزادی عائشہ سیف سے ہو رہی ہے۔
یہ وہی سیف الرحمان ہیں جو نواز شریف کے دور حکومت میں احتساب سیل کے سربراہ رہے ہیں اور اس وقت ان کا شمار نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔‘
سیف الرحمان اپنے اہل خانہ کے ہمراہ طویل عرصے سے قطر میں مقیم ہیں۔

انہی کے دور میں اس وقت کی اپوزیشن کے خلاف متعدد کیسز بنائے گئے اور انہوں نے بے نظیر بھٹو اور آصف زرداری کے سوئٹزر لینڈ میں موجود مبینہ بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگانے کا دعویٰ کیا تھا۔
سیف الرحمن سیاسی مخالفین کے خلاف مقدمات بنانے کی وجہ سے مختلف تنازعات کا شکار رہے۔

شیئر: