کسی سے کہنےکی ضرورت نہیں کہ وزیراعظم کو نکالا جائے، مریم نواز
کسی سے کہنےکی ضرورت نہیں کہ وزیراعظم کو نکالا جائے، مریم نواز
ہفتہ 26 دسمبر 2020 20:40
مریم نواز کا کہنا تھا حکومتی ارکان جانتے ہیں وقت بہت تھوڑا رہ گیا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ہمیں کسی سے یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ وزیراعظم کو نکالا جائے، وہ خود ہی اپنے آپ کو نکالنے کے لیے کافی ہیں۔
’جن کے ساتھ عوام کی طاقت ہوتی ہے وہ اداروں کی طرف نہیں دیکھا کرتے۔‘
وزیراعظم کے سینیچر کو دیے گئے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی کوالیفیکیشن تابعداری کرنا اور ہاتھ باندھ کر فرمانبرداری دکھانا ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز کو اس کوالیفیکیشن کی ضرورت نہیں ہے۔
ملک کے جنوبی صوبے سندھ کے شہر سکھر میں پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ماضی میں مسلم لیگ کے بارے میں مشہور تھا کہ مسلم لیگ حکومت بنانے والوں کے ساتھ ہوتی ہے۔ ’یہ پہلی بار ہوا کہ ن لیگ کے کارکنوں نے ظلم کے سامنے جھکنے سے انکار کر دیا۔‘
وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن ارکان کے استعفوں سے متعلق گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے ایم این ایز اور ایم پی ایز پارٹی قائد کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم اپنے ارکان اسمبلی کی فکر کریں جو جان چکے ہیں کہ عمران خان ایک بار گئے تو واپس آنے والے نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگی ارکان اسمبلی جانتے ہیں کہ استعفوں کے معاملے میں پارٹی لائن سے ہٹے تو ووٹ نہیں ملنے والے کیونکہ یہ نواز شریف کے ووٹ ہیں۔
مریم نواز نے اپنے خطاب کے دوران شرکا سے پوچھا کہ ہاتھ اٹھا کر بتائیں کہ آپ میں سے کون کون ن لیگ کے نظریہ کو مانتا ہے۔
ن لیگی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب جب ملک میں معاشی حالات بہتر ہوئے تو وہ نواز شریف کے دور میں ہوئے۔ اس ملک میں ترقی کی ہر اینٹ پر نواز شریف کا نام درج ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان میں جمہوریت کے لیے قربانیاں دینے کی بات ہو گی تو نواز شریف کا نام آئے گا کیونکہ انہوں نے آپ کے لیے اپنی تین حکومتیں قربان کر دیں۔
موجودہ ملکی حالات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کے ڈیرے ہیں، عوام نواز شریف کو ڈھونڈ رہی ہے وہ وقت دور نہیں جب نواز شریف واپس آئیں گے اور ملکی ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہو گا جہاں سے نواز شریف کے جانے کے بعد ٹوٹا تھا۔
حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ’سونامی پہلے بدنامی بھی تبدیل ہوا اور اب جلد گمنامی میں تبدیل ہونے والا ہے۔‘
وزیراعظم کی جانب سے حکومت میں آنے کی تیاری سے متعلق بیان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تیاری نہ تھی تو کیوں 22 کروڑ عوام کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے مریم نواز شریف کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے تمام بیانات ہی جھوٹ پر مبنی ہوتے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت کے جانے کی باتیں کرنے والے اب خود جانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ پی ڈی ایم اتحاد تو ٹوٹ ہی رہا تھا اب اس میں شامل پارٹیوں کے ٹوٹنے کی باری آ چکی ہے۔
خیال رہے کہ سینیچر کو وزیراعظم عمران خان نے چکوال میں خطاب کے دوران کہا تھا کہ اپوزیشن نے فوج پر 2018 کے الیکشنز میں دھاندلی کا الزام لگایا لیکن کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اپوزیشن نے فوج کے سربراہ اور آئی ایس آئی چیف پر تنقید کی۔ جس طرح پاکستانی فوج پر حملہ کیا گیا ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔