امارات کے لیے تمام پاکستانی ایئرپورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت جلد
امارات کے لیے تمام پاکستانی ایئرپورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت جلد
جمعرات 12 اگست 2021 14:39
وسیم عباسی -اردو نیوز، اسلام آباد
پاکستانی لیبارٹریز نے پی سی آر ریپڈ ٹیسٹ کے لیے مشینوں کو آلات کی فراہمی کا آرڈر دے دیا ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان خاقان مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات کے لیے مسافروں کو درپیش مسائل کا بخوبی احساس ہے، اور اس ضمن میں وزارت خارجہ سے رابطے میں ہیں جبکہ ریپڈ ٹیسٹ پی سی آرٹیسٹ کے لیے درکار مشینوں کی دستیابی میں چند دن کا وقت درکار ہے۔‘
اس حوالے سے اردو نیوز کے رابطہ کرنے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک ترجمان سعد بن ایوب کا کہنا تھا کہ ’سول ایوی ایشن، وزارت خارجہ اور ایئر لائنز مسلسل رابطے میں ہیں اور آئندہ چند دنوں میں ایمرٹس اور دیگر ایئرلائنز کی منظور شدہ لیبارٹریز کی لاہور اور کراچی ایئرپورٹ پر تنصیب کا کام شروع کر دیا جائے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’سول ایوی ایشن اتھارٹی متحدہ عرب امارات کی جانب سے منظور شدہ لیبارٹریز کو ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر مکمل سہولیات مہیا کرے گی۔‘
’یہ ایئرلائنز کا کام ہے کہ وہ یو اے ای کی حکومت کے لیے قابل قبول ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ لیبارٹریز کو منتخب کریں۔ اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان کی چند لیبارٹریز کی فہرست بھی ایئر لائنز کو بھیج دی ہے۔‘
اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی خاقان مرتضیٰ نے سی اے اے ہیڈ کوارٹرز کراچی میں پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ ’متحدہ عرب امارات جانے والے زیادہ گنجائش والے جہازوں کے مسافروں کے لیے فوری طور پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ ممکن نہیں ہے جس کی وجہ سے سی اے اے کو مشکلات کا سامنا ہے۔‘
’اماراتی حکام کی جانب سے پی سی آر رپیڈ ٹیسٹ کے لیے لیبارٹریز منتخب کرنا ایئرلائنز کا کام ہے، پاکستانی لیبارٹریز نے پی سی آر ریپڈ ٹیسٹ کے لیے مشینوں کو آلات کی فراہمی کا آرڈر دے دیا ہے۔‘
انہوں ںے کہا کہ ’اس حوالے سے سی اے اے ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ایئرلائنز کی منتخب لیبارٹریز کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے۔‘
یاد رہے کہ اس وقت متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کے لیے پاکستان میں ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت صرف سیالکوٹ ایئرپورٹ پر دستیاب ہے۔
سیالکوٹ میں قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی منظور شدہ لیبارٹری پہلے ہی قائم کر دی گئی ہے۔
اس سے قبل فلائی دبئی کے ایک اعلان میں کہا گیا تھا کہ ’اس کی ہفتہ وار چھ پروازیں سیالکوٹ سے متحدہ عرب امارات کے لیے روانہ ہوں گی۔‘
یاد رہے کہ اس سلسلے سے مسافروں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ امارات کی حکومت کی جانب سے ریپڈ پی سی آر کی شرط رکھی گئی ہے۔ اس حوالے سے ایئرپورٹ پر سٹی لیب کے ساتھ مل کر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت کا انتظام کر لیا گیا ہے۔
مسافر اپنی پرواز کے مقررہ وقت سے پانچ سے چھ گھنٹے پہلے ایئرپورٹ پہنچ جائیں اور لیبارٹری کی جانب سے قائم ڈیسک پر اپنی رجسٹریشن کروائیں۔
مسافر روانگی کے وقت سے چار گھنٹے پہلے ٹیسٹ کے لیے نمونہ دیں گے اور ٹیسٹ کی رپورٹ 90 منٹ میں انھیں فراہم کر دی جائے گی۔
مسافر منفی ریپڈ پی سی آر رپورٹ حاصل کرنے کے بعد ہی چیک اِن کے لیے کاؤنٹرز پر جا سکیں گے۔
ڈی جی سول ایوی ایشن خاقان مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات کے لیے مسافروں کو درپیش مسائل کا بخوبی احساس ہے، اس ضمن میں وزارت خارجہ سے رابطے میں ہیں جبکہ ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے لیے درکار مشینوں کی دستیابی میں دو ہفتے کا وقت درکار ہے۔‘