یو اے ای کے مسافروں کے لیے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ متعارف
پی آئی اے نے سیالکوٹ سے دبئی کے لیے خصوصی پروازیں بھی شروع کردی ہیں (فائل فوٹو: آن لائن)
پاکستان نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر متحدہ عرب امارات کے مسافروں کے لیے کورونا وائرس کا ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ متعارف کرا دیا ہے۔
سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ وہ پہلا ایئرپورٹ ہے جس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ متعارف کرا دیا گیا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ’ٹیسٹ کے پیش نظر مسافر کم از کم پانچ گھنٹے قبل ایئرپورٹ آئیں اور ٹیسٹ کروائیں۔‘
پی آئی اے کے ترجمان نے مزید بتایا کہ ’سیالکوٹ سے دبئی کے لیے خصوصی پروازیں بھی شروع کردی گئی ہیں۔‘
پی آئی اے کی پروازیں 12 اور 13 اگست کو سیالکوٹ سے دبئی کے لیے روانہ ہوں گی۔
متحدہ عرب امارات نے پاکستان اور انڈیا سمیت چھ ممالک سے آنے والی پروازوں پر عائد پابندی میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے پانچ اگست سے ٹرانزٹ مسافروں کو داخلے کی مشروط اجازت دی تھی۔
متحدہ عرب امارات کی نیشنل ایمرجنسی اینڈ کرائسز مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’پاکستان، انڈیا، سری لنکا، نیپال، نائجیریا اور یوگنڈا کے وہ شہری جن کے پاس اماراتی اقامہ ہے وہ واپس آسکتے ہیں۔‘
عرب نیوز کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن نے کہا ہے کہ ’ملک کے پاس ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کرنے کے لیے وسائل نہیں ہیں اور ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹنگ کی سہولت ایئرپورٹس پر مہیا ہے۔‘
سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایک مینجر نثار احمد نے بتایا کہ ’ایک لیبارٹری کی مدد سے ایئرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹنگ کی سہولت کا انتظام کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ٹیسٹ کے لیے مسافروں کو خود ادائیگی کرنا ہوگی۔‘
کورونا وائرس کی نئی قسم ڈیلٹا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے متحدہ عرب مارات سمیت کئی ممالک نے پاکستان پر سفری پابندیاں عائد کردی تھیں۔
تاہم سفری پابندیوں میں نرمی کے بعد ایسے مسافر جو متحدہ عرب امارات کا سفر کریں گے یا جو یو اے ای کے ایئرپورٹس کو ٹرانزٹ کے طور پر استعمال کریں گے ان کے لیے کورونا کے ٹیسٹ کی منفی رپورٹ ساتھ لانا لازمی ہے۔