ورک ویزہ کے حامل پاکستانیوں کے لیے متحدہ عرب امارات کی نئی گائیڈ لائنز جاری
ورک ویزہ کے حامل پاکستانیوں کے لیے متحدہ عرب امارات کی نئی گائیڈ لائنز جاری
بدھ 11 اگست 2021 21:12
مسافر روانگی کے وقت سے چار گھنٹے پہلے ٹیسٹ کے لیے نمونہ دیں گے (فوٹو اے ایف پی)
ورک ویزہ کے حامل پاکستانیوں کے لیے متحدہ عرب امارات نے نئی گائیڈ لائنز جاری کی ہیں جن کے مطابق روانگی سے 48 گھنٹے قبل کی پی سی آر منفی ٹیسٹ رپورٹ لازمی ہوگی۔
این سی اوسی کے مطابق ’پی سی آر ٹیسٹ یو اے ای کی منظور شدہ لیبارٹری سے کرانا ہوگا، اور روانگی سے چار گھنٹے قبل ریپڈ پی سی آر منفی ٹیسٹ بھی لازمی ہوگا۔‘
’سول ایوی ایشن اتھارٹی ایئرپورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے لیے کاﺅنٹرز بنائے گی۔ مستند لیبارٹریز کے کاﺅنٹرز ایئرلائنز کی مشاورت کے ساتھ بنائے جائیں گے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ایف آئی اے اور اے این ایف امیگریشن کاﺅنٹرز پر سٹاف میں اضافہ کریں، اور مسافروں کے ٹیسٹ کے بعد بورڈنگ کو مقررہ وقت میں یقینی بنایا جائے۔‘
دوسری طرف متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کے لیے پاکستان میں ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت سب سے پہلے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر دستیاب کر دی گئی ہے۔
فلائی دبئی نے لیبارٹریز میں جا کر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کرانے کا کراچی کی لیبارٹریز کے ساتھ منصوبہ ترک کر دیا ہے۔
فلائی دبئی کی جانب سے اپنے مسافروں کے نام جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ’امارات کا اقامہ رکھنے والے ان افراد کے لیے خوشخبری ہے جو واپس جانا چاہتے ہیں کہ کل یعنی منگل 10 اگست سے سیالکوٹ سے ہفتہ وار چھ پروازیں روانہ ہوں گی۔‘
اس حوالے سے مسافروں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ امارات کی حکومت کی جانب سے ریپڈ پی سی آر کی شرط رکھی گئی ہے۔ اس حوالے سے ایئرپورٹ پر سٹی لیب کے ساتھ مل کر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت کا انتظام کر لیا گیا ہے۔
مسافر اپنی پرواز کے مقررہ وقت سے پانچ سے چھ گھنٹے پہلے ایئر پورٹ پہنچ جائیں اور لیبارٹری کی جانب قائم ڈیسک پر اپنی رجسٹریشن کروائیں۔
مسافر روانگی کے وقت سے چار گھنٹے پہلے ٹیسٹ کے لیے نمونہ دیں گے اور ٹیسٹ کی رپورٹ 90 منٹ میں انہیں فراہم کر دی جائے گی۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے سفری ضوابط پر نظرثانی کرتے ہوئے رہائشی ویزہ رکھنے والے پاکستان سمیت چھ ملکوں کے شہریوں کے لیے کورونا ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی شرط ختم کر دی ہے۔
منگل کو ایمریٹس ایئر لائنز کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان، انڈیا، سری لنکا، نیپال، نائجیریا اور یوگنڈا کے شہریوں کو امارات میں داخلے کے لیے کورونا ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔
ایمریٹس کی ویب سائٹ پر شائع ہونے نئے سفری ہدایت نامے کے مطابق ’یو اے ای کا رہائشی ویزہ رکھنے والے تمام مسافر کچھ شرائط کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں۔‘