برطانیہ کے شہر پلے متھ میں فائرنگ، بچے سمیت 6 افراد ہلاک
جمعرات 12 اگست 2021 23:52
برطانیہ کے شہر پلے متھ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک بچے سمیت چھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ڈیوون اور کارنویل پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ’کیہم کے علاقے میں جائے وقوعہ سے دو خواتین اور دو مردوں کی نعشیں ملی ہیں۔‘
ان تمام افراد کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ گولی لگنے سے ہلاک ہوئے ہیں۔
جائے وقوعہ پر موجود ایک اور زخمی خاتون بعد میں ہسپتال میں دم توڑ گئیں۔
پلے متھ سٹن اور ڈیون پورٹ کے ایم پی، لوُک پولارڈ نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’مجھے بے حد دکھ ہے کہ کیہم پر فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں میں ایک 10 سال سے کم عمر بچہ بھی شامل ہے۔‘
انہوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ’زخمی افراد کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔‘
سکائی نیوز کے مطابق ’فائرنگ کرنے والے شخص کو پولیس نے گولی مار دی ہے۔‘
رپورٹ کے مطابق ’واقعے کو دہشت گردی کے طور پر نہیں لیا جارہا ہے۔‘
برطانوی وزیر داخلہ پریتی پٹیل نے ٹویٹ کی کہ ‘پلے متھ میں ہونے والا واقعہ افسوس ناک ہے اور میری ہمدردیاں متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا ’میری چیف کانسٹیبل سے بات ہوئی ہے اور میں نے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے۔‘
پریتی پٹیل نے کہا کہ ’میں سب سے کہتی ہوں کہ پرامن رہیں، پولیس کے مشورے پر عمل کریں اور ایمرجنسی سروسز کو اپنا کام کرنے دیں۔‘
پلے متھ اور ڈیونپورٹ سے رکن پارلیمان لیوک پولارڈ نے کہا کہ ’آج ہمارے شہر اور کمیونٹی کے لیے بہت برا دن ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’وہ واقعے میں متاثر ہونے والوں کی اصل تعداد کی تصدیق کا انتظار کر رہے ہیں۔‘
پلے متھ مور ویو سے ممبر پارلیمان جونی مرسر کا ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ ’واقعے کا تعلق دہشت گردی سے نہیں ہے اور اس میں ملوث شخص فرار بھی نہیں ہے۔‘