ڈرائیونگ کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے والا شخص گرفتار
’گرفتار شدہ شخص نے راہگیروں کی امن وسلامتی اور جان کی پروا کئے بغیر ہوائی فائرنگ کی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
جازان پولیس نے ڈرائیونگ کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جازان ریجن پولیس کے ترجمان میجر نایف حکمی نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدہ شخص سعودی شہری ہے اور عمر کی تیسری دہائی میں ہے‘۔
’سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی ویڈیو کی بنا پر کارروائی کی گئی ہے جس میں ایک شخص شہر کی مصروف شاہراہ پر گاڑی چلاتے ہوئے دکھایا گیا ہے‘۔
’ڈرائیونگ کے دوران اس نے راہگیروں کی امن وسلامتی اور جان کے پروا کئے بغیر ہوائی فائرنگ کی ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ویڈیو وائرل ہوتے ہی متعلقہ ادارے نے مذکورہ شخص کی شناخت کرلی‘۔
’جازان پولیس نے اسے تلاش کرکے گرفتار کیا ہے اور وہ اس وقت زیر تفتیش ہے‘۔
’ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائے گا‘۔