بلوچستان میں سکیورٹی فورسز پر حملہ اور بم دھماکے میں ایک ہلاک، 11 زخمی
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز پر حملہ اور بم دھماکے میں ایک ہلاک، 11 زخمی
ہفتہ 14 اگست 2021 12:03
زین الدین احمد -اردو نیوز، کوئٹہ
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کے مطابق ایک آپریشن میں کالعدم تنظیم کے دہشتگرد کو گرفتار کیا گیا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بم دھماکے کے نتیجے میں دو بچوں سمیت11 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ ہرنائی میں ایف سی کے قافلے پر حملے میں ایک اہلکار ہلاک، میجر اور ایک سپاہی زخمی ہوگئے۔ جوابی کارروائی میں تین حملہ آور بھی مارے گئے۔
پولیس کے مطابق سنیچر کی دوپہر کو کوئٹہ کے علاقے سمنگلی روڈ پر سرپل کے قریب پاکستانی پرچم فروخت کرنے والے سٹالز پر نامعلوم افراد نے دستی بم پھینکا جو قریب گر کر دھماکے سے پھٹ گیا۔ حملے کے بعد مسلح افراد فرار ہو گئے۔
خروٹ آباد پولیس کے ایک اہلکار بابر بلوچ کے مطابق سٹالز پر خریداروں کا رش تھا جس کی زد میں آ کر آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔ پانچ زخمیوں کو سول ہسپتال اور تین کو بولان میڈیکل ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے سب کی حالت خطرے سے باہر بتائی ہے۔ زخمیوں میں 10 اور 14 سال کے دو بچے بھی شامل ہیں۔
کوئٹہ میں ایک ہفتے کے دوران یہ چھٹا دھماکا ہے۔ ان میں سے چار دستی بم حملے پاکستانی پرچم فروخت کرنے والے سٹالز پر ہوئے ہیں۔ ان حملوں کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی ہے۔
بم حملوں کے بعد کوئٹہ میں داخلی راستوں پر سیکیورٹی چیک پوسٹیں قائم کردی گئی ہیں جبکہ پرچم فروخت کرنے والوں کی حفاظت کے لیے پولیس اور ایف سی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب جمعے کی شب بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں شاہرگ کے مقام پر فرنٹیئر کور کے لورالائی سکاؤٹس کے کمانڈنٹ کے قافلے پر گھات لگائے نامعلوم شدت پسندوں نے حملہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’دہشت گردوں نے ایف سی کی گاڑی پر حملہ کیا، ایف سی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں نائیک شریف شہید جبکہ میجر قاسم اور ایک سپاہی زخمی ہوا، جنہیں سی ایم ایچ ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا۔‘
ایک اور واقعے میں جمعے کی شب ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں نامعلوم افراد کی جانب سے فورسز کی چوکی پر تین راکٹ داغے گئے۔ مقامی پولیس کے مطابق راکٹ پرانے قلعے کے قریب گرکر دھماکوں سے پھٹ گئے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اسی طرح بلوچستان پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کے مطابق پنجگور میں انٹیلی جنس اطلاع پر کیے گئے ایک آپریشن میں کالعدم تنظیم کے اہم دہشتگرد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ’گرفتار دہشتگرد یوم آزادی پر تخریب کاری کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔‘