ولی عہد محمد بن سلمان کا منفرد پورٹریٹ بنانے والی سعودی آرٹسٹ
ریم کو پورٹریٹ تیار کرنے میں ایک ماہ لگا- (فوٹو العربیہ)
سعودی خاتون آرٹسٹ ریم عبدالخالق یوسف نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پورٹریٹ منفرد انداز میں تیار کرکے سوشل میڈیا پر پذیرائی حاصل کی ہے۔
ریم نے پلاسٹک کے پندرہ ہزار ٹکڑوں کی مدد سے پورٹریٹ ایک ماہ میں مکمل کیا ہے۔
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے ریم نے بتایا کہ ہیومن سائنس آنرز کی ڈگری تقریب سے کچھ پہلے کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئی تھی۔ امیرہ نورۃ یونیورسٹی ریاض میں زیر تعلیم تھی۔ ہاؤس آئسولیشن کے ماحول سے خود کو نکالنے کے لیے کچھ ایسا کرنے کا خیال ذہن میں آیا جو اس سے قبل کسی نے نہ کیا ہو۔
ریم کا کہنا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پورٹریٹ پلاسٹک کے 15 ہزار ٹکڑوں کے ذریعے تیار کرنے کا پروگرام بنایا۔ یہ اپنی نوعیت کا منفرد فن پارہ بن گیا۔ اس کا سائز 120x80 سینٹی میٹر ہے۔
ریم نے بتایا کہ یہ فن پارہ پلاسٹک کے رنگین ٹکڑوں کو جوڑ کر تیار کیا جس میں ایک ماہ لگا۔ تیار ہوا تو مجھے بے حد خوشی ہوئی اور فخر کا احساس بھی ہوا۔
ریم نے بتایا کہ والدہ نے خوفزدہ کردیا تھا کہ یہ کام انجام دینے میں مجھے بہت زیادہ وقت لگے گا مگر میں نے پلاسٹک کے 15 ہزار ٹکڑوں کو جمع کرکے فن پارہ تیار کرنے کا چیلنج قبول کرلیا اور ریکارڈ وقت میں اسے تیار بھی کرلیا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں