بابا گرو نانک کی برسی: سکھ یاتریوں کو کورونا ضوابط کے تحت دورہ کرتارپور کی اجازت
’کورونا ٹیسٹ کی مثبت رپورٹ آنے کی صورت میں کسی سکھ یاتری کو پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے ستمبر میں بابا گرو نانک دیو جی کی برسی کے پیش نظر انڈین سکھ یاتریوں کو کورونا وائرس کے ضوابط کے تحت گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور کے دورے کی اجازت دے دی گئی۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سنیچر کے روز ہونے والے اجلاس میں کرتارپور راہداری کے ذریعے انڈین سکھ یاتریوں کی نقل و حرکت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
این سی او سی کے مطابق ’وبا کے پھیلاؤ کے دوران انڈیا 22 مئی سے 12 اگست تک کیٹگری سی ممالک کی فہرست میں شامل رہا ہے اور سکھ یاتریوں سمیت، خصوصی اجازت کے ذریعے زائرین کو ضروری نقل و حرکت کی اجازت دی گئی تھی۔‘
’اس ضمن میں یقینی بنایا جائے گا کہ صرف مکمل طور پر ویکسین شدہ افراد (جو کہ ویکسینیشن کا تصدیق شدہ سرٹیفیکیٹ رکھتے ہوں) کو پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔‘
این سی او سی کا کہنا ہے کہ ’زائرین کے پاس ریپڈ پی سی آر منفی ٹیسٹ کی 72 گھنٹے سے زیادہ پرانی رپورٹ نہیں ہونی چاہیے۔‘
’کورونا ٹیسٹ کی مثبت رپورٹ آنے کی صورت میں کسی شخص کو پاکستان داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘
این سی او سی کے مطابق ’پاکستان میں داخل ہونے کے لیے فی الحال نافذ کردہ ایس او پیز کے تحت زیادہ سے زیادہ 300 افراد کے بیرونی اجتماع کی اجازت ہوگی۔‘