سعودی عرب میں الجوف کے نخلستان تازہ کھجوریں بازاروں کو فراہم کرنے لگے ہیں۔ ان دنوں یہاں ہر طرف کھجوروں کے گچھے دلکش شکل میں نظر آرہے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کھجوروں کے قومی مرکز نے الجوف کے حوالے سے اعدادوشمار جاری کرکے بتایا کہ یہاں کھجور کے 9 لاکھ 84 ہزار 48 درخت ہیں۔ ان میں سے 7 لاکھ 98 ہزار 649 درخت 43 ہزار 208 ٹن کھجوریں دے رہے ہیں۔ ان میں سے 34 ہزار 45 ٹن کھجوریں فروخت ہوتی ہیں۔ باقی نخلستانوں کے مالکان گھریلو استعمال کے لیے محفوظ کر لیتے ہیں۔

ان دنوں الجوف کے بازاروں میں دو رنگوں والی ’المنقد‘ کھجوروں کی بہار آئی ہوئی ہے۔ مقامی باشندے اسے ’حلوۃ الجوف‘ (الجوف کی مٹھائی) کہتے ہیں۔
الجوف کے بازاروں میں کھجوریں پیش کرنے کا اپنا انداز ہے۔ تین، تین کلو گرام کے چھوٹے چھوٹے ڈبوں میں کھجوریں سجا کر پیش کی جاتی ہیں۔ کھجوریں مختلف قسم کی ہوتی ہیں اور ہرقسم کے نرخ الگ ہیں۔
